پشاور(سب نیوز)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے تحریک کا آغاز ہو چکا ہے۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی علی امین گنڈاپور ملک بھر میں تحریک کی قیادت کر رہے ہیں، اس تحریک کا اختتام جعلی اور غاصب حکومت کے خاتمے پر ہوگا، تحریک انصاف کے کارکنان خصوصا خواتین پر مظالم کا حساب لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مانسہرہ میں سیاسی میدان سجائے گی، پی ٹی آئی کارکنان تحریک میں شرکت کرنے کے لئے قافلوں کی صورت میں مانسہرہ پہنچ رہے ہیں، وزیر اعلی سمیت دیگر پارٹی رہنما جلسے سے خطاب کریں گے۔
بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ مانسہرہ کے بعد کل پی ٹی آئی اسلام آباد ترنول میں بڑا سیاسی میدان سجائے گی، مانسہرہ اور اسلام آباد جلسوں میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر ہوگا۔