اسلام آباد(آئی پی ایس)مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کےدرمیان مذاکرات میں اہم پیشرفت کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کی جانب سے بجٹ پر ووٹ دینے سے متعلق تاحال فیصلہ نہیں ہوا تاہم چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے تمام اراکین قومی اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ تمام ارکان بجٹ اجلاس میں شرکت یقینی بنائیں۔
قبل ازیں گزشتہ روز شہبازشریف اور بلاول بھٹوکی تشکیل کردہ نئی مذاکراتی کمیٹیوں کی پہلی بیٹھک وزیراعظم ہاؤس میں لگی۔ اشتراک اقتدار کے معاہدے پر عملدرآمد کیلئے پیپلزپارٹی کی تحریری تجاویز پر چار گھنٹے تک شق وار غورکیا گیا تاہم اجلاس حتمی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق پی پی پی کے وفد کا جنوبی پنجاب کے انتظامی عہدوں کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرررہے ہیں۔ شراکت داری معاہدے کی پاسداری نہ کئے جانے کا شکوہ کیا ۔ پنجاب کے ترقیاتی فنڈز میں اضافے اور رقوم جلد ریلیز کرنے پر زور دیا۔ حکومتی وفد نے پیپلزپارٹی کو یقین دہانی کرائی کہ اس کی تمام شکایات دور کی جائیں گی ۔
حکمران جماعت کے وفد میں سردار ایاز صادق رانا ثناءاللہ ، خواجہ سعد رفیق ، ملک احمد خان شامل تھے ۔ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگ زیب ویڈیولنک پر شریک ہوئیں۔ پیپلزپارٹی کی نمائندگی یوسف رضا گیلانی ، راجہ پرویزاشرف ، خورشید شاہ ، نوید قمر ، شیری رحمان ، علی حیدر گیلانی اور ندیم افضل چن نے کی۔