بین الاقوامی

پاپوا نیو گنی میں لینڈ سلائیڈنگ ،مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں ، چینی صدر

بیجنگ:چینی صدرشی جن پھنگ نے پاپوا نیو گنی کے گورنر باب ڈاڈے کو پاپوا نیو گنی میں لینڈ سلائیڈنگ سے شدید تباہی پر ہمدردی کا ایک پیغام بھیجا۔
اپنے پیغام میں چینی صدر نے کہا کہ پاپوا نیو گنی میں لینڈ سلائیڈنگ کی سنگین آفت جس سے بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ہے، کے بارے میں جان کر صدمہ پہنچا ہے ۔
میں چینی حکومت اور عوام کی جانب سے متاثرین کے ساتھ گہری ہمدردی اور متاثرین کے اہل خانہ اور زخمیوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرنا چاہتا ہوں۔
ہمیں یقین ہے کہ پاپوا نیو گنی مشکلات پر قابو پانے اور اپنے وطن کی تعمیر نو کرنے میں کامیاب ہو جائے گا اور چین اس سلسلے میں مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے اوقیانوسیہ کے ملک پاپوا نیوگنی میں مٹی کا ایک بڑ تودا درجنوں مکانات پر گر گیا جس میں 2 ہزار سے زائد افراد دب گئے۔
پاپوا نیوگنی میں مٹی کے تودے سے امدادی کاموں کے دوران 650 سے زائد لاشیں نکالی جا چکی ہیں جب کہ اب بھی ہزار سے زائد افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر سنٹر کے اقوام متحدہ کو لکھے خط میں کہا گیا کہ لینڈ سلائیڈنگ میں رہائشی عمارتیں اور کھانے کے باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ریسکیو ٹیم کے اہلکار بھی لینڈ سلائیڈنگ میں دب گئے ہیں۔

کیئر انٹرنیشنل پی این جی کے کنٹری ڈائریکٹر جسٹن میک موہن کے بقول ملبے تلے دبے افراد کی تعداد کا درست اندازہ مشکل ہے کیوں کہ متاثرہ علاقے میں مقامی آبادی کے مطابق 4 ہزار افراد رہتے تھے۔

جب کہ آخری مردم شماری بھی سنہ 2000 میں ہوئی تھی جس میں آبادی میں 2 ہزار کے لگ بھگ بتائی گئی تھی۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker