اسلام آباد (آئی پی ایس )صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس احسن بختاوری نے کہا ہے کہ سعودی تجارتی وفد کو پاکستان پہنچنے پر بزنس کمیونٹی سمیت پوری قوم خوش آمدید کہتی ہے ، سعودی تجارتی وفد کی دورہ پاکستان کے دوران بھرپور اور پرجوش مہمان نوازی کی جائیگی۔
سعودی تجارتی وفد کے پاکستان پہنچنے پر اپنے بیان میں صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر مبنی برادرانہ اور دو طرفہ تجارتی تعلقات ہیں،سعودی بزنس وفد کے دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے اقتصادی تعلقات کو نئی جہت ملے گی، دورے سے پاکستان میں اربوں ڈالر کی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو گی ،امید ہے سعودی کاروباری وفد اور پاکستانی بزنس کمیونٹی کی ملاقاتیں نتیجہ خیز ثابت ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ سعودی تجارتی وفد کا دورہ پاکستان موجودہ حکومت پر اعتماد کا اظہار ہے ،پاکستانی بزنس کمیونٹی سعودی سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے ۔