اسلام آباد(آئی پی ایس )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے ایک بہترین منزل ہے اور پاکستانی تارکین وطن کو نہ صرف خود بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرکے ملک کی ترقی میں اپنا زیادہ فعال کردار ادا کرنے کے لئے آگے آنا چاہئے۔
ان خیالات کا اظہار احسن ظفر بختاوری نے امریکی ریاست ٹیکساس کے فالکن ہولڈنگ ایل ایل سی کے چیئرمین اور سی ای او پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین اسلم خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی ترقی، ہسپتالوں کی تعمیر اور خاص طور پر صنعتی شعبے کی ترقی میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تارکین وطن اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی ہر ممکن مدد کرے گا۔ فالکن ہولڈنگ ایل ایل سی ٹیکساس، ریاستہائے متحدہ امریکہ کے چیئرمین اور سی ای او نے صدر اور دیگر شرکا کو اپنے ادارے کے کام کے بارے میں آگاہ کیا اور اپنی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے وفاقی دارالحکومت کے دور افتادہ علاقوں میں گلیوں، سڑکوں، پلوں اور کمیونٹی سینٹرز کی تعمیر میں اپنی ذاتی حیثیت میں سماجی خدمات کے بارے میں بھی شرکا کو آگاہ کیا۔
انہوں نے چیمبر کے صدر کو مشترکہ منصوبوں کی راہیں تلاش کرنے کے لئے وفد کی شکل میں امریکہ کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔فانڈر گروپ کے چیئرمین خالد اقبال ملک نے مہمانوں کی توجہ ملک میں خواندگی کے انتہائی کم معیار کی طرف مبذول کرائی اور شرح خواندگی میں اضافے کے لئے اس شعبے کو ترجیح دینے پر زور دیا۔یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن دراصل پاکستان کے سفیر ہیں اور ہم اس کا بے حد احترام کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ ملک کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر زبیر احمد ملک نے تارکین وطن کو پاکستان کا عظیم اثاثہ قرار دیتے ہوئے پاکستان میں اپنے کاروبار کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات کے شرکا ء میں اسد عزیز، ملک ندیم اختر، مقصودتابش شامل تھے۔