تجارت

تاجر دوست اسکیم خوش آئند،ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا ناگزیر ہے،احسن بختاوری

صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی تاجر دوست اسکیم کا خیرمقدم کیا ہے جس کے تحت تاجر اپنے موبائل فون یا ایف بی آر کے ویب پورٹل کے ذریعے ٹیکس آسان ایپ میں تاجر دوست اسکیم کے ذریعے خود کو رجسٹر کرائیں گے۔

ہفتہ کو جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ تاجر برادری ہمیشہ ٹیکس کی پاسداری کرتی ہے اور ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کی حامی ہے۔ موجودہ ٹیکسوں میں اضافے کے بجائے ٹیکس نیٹ میں توسیع مستحکم معاشی نظام کیلئے ضروری ہے۔ حکومت ٹیکس سسٹم کو آسان بنائے ا ور دکانداروں کو سہولیات دی جائیں،سال میں ایک بار سنگل پیج ریٹرن فائل کرنے کا پابند بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا ہو گا لیکن تاجر برادری کو بلاوجہ پریشان اور ہراساں نہ کیا جائے ، اسلام آباد چیمبر سمیت دیگر تنظمیوں کو ایسے تمام اقدامات اٹھائے نے قبل اعتماد میں لیا جائے تا کہ پالیسیوں پر بہتر طریقے سے عمل درآمد کیا جا سکے۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ معاشی مسائل اس وقت تک حل نہیں ہوسکتے جب تک تاجر برادری کے مسائل خوش اسلوبی سے حل نہیں ہوتے اور اس مقصد کے لیے حکومت تاجر برادری کے اعتماد کو بڑھانے کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے اپنی بجٹ تجاویز میں ٹیکس نیٹ میں اضافے کیلئے متعدد اقدامات تجویز کیے تھے،حکومت انہیں سامنے رکھتے ہوئے قابل عمل پالیسیاں تشکیل دے۔صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان کا ہر تاجر خوشی سے ٹیکس دینا اور ملکی معیشت میں اپنا بھرپور حصہ ڈالنا چاہتا ہے ،حکومت سسٹم کو ٹیکس پیئر کی سہولت کو سامنے رکھتے ہوئے تشکیل دے۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے ٹیکس نیٹ میں اضافے کیلئے متعدد اقدامات کا اعلان کیا ہے جن کی بزنس کمیونٹی مکمل تائید کرتی ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker