
اسلام آباد(آئی پی ایس)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے ایسٹر کے پر مسرت موقع پر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور مسیحی برادری کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسٹر پوری مسیحی برادری کے لیے خوشیوں اور خوشحالی کا پیغام ثابت ہو گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے جاری بیان میں کہا کہ حضرت عیسٰی علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے محبت، رواداری اور بھائی چارے کی تبلیغ کے لیے مبعوث کیا۔ حضرت عیسٰی علیہ السلام کی محبت کا پیغام آج بھی تمام قومیتوں اور برادریوں میں ہم آہنگی کو فروغ دینے اور دنیا میں امن کو یقینی بنانے کے لیے مشعل راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔اسپیکر نے پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو آئین میں دیے گئے حقوق اور قائداعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں کے مطابق تحفظ فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کے جذبہ حب الوطنی اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ان کی بے لوث خدمات کو سراہا۔