
ممبر قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے تمام مراکز میں تعمیراتی کام کی اشد ضرورت ہے۔شہر تمام کمرشل سینٹرز کی بہتری،تاجروں کے مسائل حل کرنے اور اسلام آبا د کو خوبصورت بنانے کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف ایٹ مرکز کی نو منتخب ٹریڈرز ایسو سی ایشن کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر اسلا م آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری ایم این اے انجم عقیل خان کے ہمراہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ،نو منتخب صدر ٹریڈرز ویلفیئر ایسو سی ایشن سردار طاہر محمود،سیکرٹری جنرل اسماعیل خان سمیت تاجروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجم عقیل خان نے کہا کہ انتخابات میں میری جیت میں تاجر برادری کا بہت بڑا ہاتھ ہے جس طرح بزنس کمیونٹی نے میری حمایت کی میں ان کا مشکور ہوں۔بزنس کمیونٹی نے اپنا کام کر دیا اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم بڑھ چڑھ کر خدمت کریں اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ایف ایٹ مرکز سمیت شہر کے دیگر تمام مراکز میں تعمیراتی کام ناگزیر ہیں۔ہم پہلے سے جاری منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل اور نئے منصوبوں کی شروعات کیلئے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے گزشتہ دور حکومت میں بھی اسلام آباد میں کئی میگا پروجیکٹس مکمل کروائے۔اب بھی اسلام آباد کی خوبصورتی کیلئے متعدد منصوبے زیر غور ہیں۔اگلے چند سالوں میں شہر کی حالت بدل کر رکھ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حسن بختاوری کی رہنمائی اور لیڈر شپ میں آئی سی سی آئی کی موجودہ باڈی نے بھرپور کام کیا ہے۔میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری نے کہا کہ ایف ایٹ اسلام آباد کا اہم ترین تجارتی مرکز ہے کچہری اور عدالتوں کی یہاں سے منتقلی کے بعد اس کومکمل طور پر فعال کمرشل سینٹر ہونا چاہیے۔سی ڈی اے اور ایم سی آئی فوری طور پر ایف ایٹ مرکز کی بطور تجارتی مرکز بحالی کیلئے کام شروع کرے۔
انہوں نے کہا کہ کچہری کی وجہ سے طویل عرصے تک یہاں کے تاجروں نے کاروباری نقصان برداشت کیا اس کا ازالہ ہونا چاہیے۔ایف ایٹ مرکز کو مثالی تجارتی سینٹر بنانے کیلئے اسلام آباد چیمبر دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔صدر آئی سی سی آئی نے مزید کہا کہ اسلام آباد کی نو منتخب قیادت سے اپیل کرتا ہوں کہ شہر کے سٹیک ہولڈرز کو سا تھ مل کر بہتری کیلئے پالیسیاں تشکیل دیں۔اسلام آباد بطور وفاقی دار الحکومت پورے ملک کیلئے مثال ہونا چاہیے۔اس سلسلے میں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔وفاقی حکومت شہر کے میگا پروجیکٹس کی بروقت تکمیل کیلئے مالی مسائل کو رکاوٹ نہ بننے دے۔تقریب سے خطاب میں نو منتخب صدر ٹریڈرز ویلفیئر ایسو سی ایشن ایف ایٹ مرکز سردار طاہر محمود نے کہا کہ ایف ایٹ مرکز سے عدالتوں کی منتقلی کے بعد بحالی کا کام سست روی کا شکا ر ہے۔کچہری کیلئے لگائی گئی باؤنڈری وال فوری ختم کی جائے۔نو منتخب باڈی کے پاس بھرپور ایجنڈہ موجود ہے۔ہم صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس احسن بختاوری کی زیر قیادت مسائل کے حل کیلئے کام کریں گے ہمیں امید ہے شہر کی نو منتخب قیادت بھی ہماری سرپرستی کرے گی۔




