اسلام آباد(سب نیوز ) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد آج رات پاکستان پہنچے گا، وفد اسٹینڈ بائی پروگرام کے تحت اگلی قسط جاری کر نے کیلیے مذاکرات کریگا۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف سے مذاکرات 14 سے 18 مارچ تک ہوں گے، مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں 1.1 ارب ڈالر کی قسط جاری کرنے کا فیصلہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف جائزہ مشن کے دوریکے دوران نئے قرض پروگرام کے بارے میں بات چیت بھی متوقع ہے۔اس حوالے سے وزیر خزانہ اورنگزیب کی صدارت میں وزارت خزانہ میں اجلاس ہوا جس میں آئی ایم ایف جائزہ مشن کے ساتھ مذاکرات کا جائزہ لیا گیا۔
جنگ اور دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پروگرام ناگزیر ہے، باتیں نہیں کام کرنا ہے، تمام توانائیاں پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لیے استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال 2024 ایک مشکل سال ہوگا لیکن جلد تمام مسائل پر گفتگو کیلئے میڈیا کے ساتھ بیٹھیں گے، اپنی تمام ترتوانائیاں پاکستان کو درپیش مشکلا ت کے حل کیلیے استعمال کروں گا، اب باتیں زیادہ ہورہی ہیں لیکن اب ایکشن کا وقت آگیا ہے۔