اسلام آباد(آئی پی ایس)صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن بختاوری نے خواتین کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی دن پر ملک کی باہمت اور باصلاحیت خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان میں فیصلہ سازی سمیت ہر شعبے میں خواتین کا کردار اور تعداد بڑھنا خوش آئند ہے،ملکی خواتین سیاست ، فوج اور عدلیہ سمیت ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں، احسن بختاوری نے کہا کہ عام انتخابات میں پہلی مرتبہ 12 جنرل نشستوں پر خواتین امیدواروں کی کامیابی دیگر خواتین کیلئے ایک مثال ہے، مریم نواز کے پہلی خاتون وزیراعلی بننا خواتین کی کامیابی ہے، جس سے انہیں آگے بڑھنے میں مدد ملے گی،خواتین کو معاشی طور پر بااختیاربنانے کے لئے ضروری ہے کہ کاروباری سرگرمیوں میں ان کی شمولیت کیلئے تمام وسائل فراہم کیے جائیں۔
صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ ہمیں خواتین کو معیشت، معاشرت اور سوسائٹی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے مزید مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے،اسلام آباد چیمبر نے رواں سال قائم مقام صدراور دیگر اہم عہدوں پر خواتین کو مواقع فراہم کر کے نئی مثال قائم کی ہے، دین اسلام بھی خواتین کے وقار کو ماند کیے بغیر انہیں زندگی کے ہر شعبے میں مثبت کردار ادا کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے،صنفی امتیاز کے خاتمے اور خواتین کو باوقار مقام دینے سے ہی مہذب معاشرہ قائم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو مزید با اختیار بنانے ، تحفظ اور منصفانہ حقوق کو یقینی بنانے کیلئے پورے معاشرے کو مل کر کام کرنا ہوگا۔