اسلام آباد ( آئی پی ایس )مسلم لیگ ( ن ) کے قائد نواز شریف جمعیت علما اسلام (جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔ن لیگ کی قیادت کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کو وزیر اعظم کے الیکشن کے لئے راضی کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور اس سلسلے میں لیگی قائد سربراہ جے یو آئی کے گھر پہنچے جہاں دونوں سیاسی رہنماں کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں ن لیگی رہنما اسحاق ڈار، احسن اقبال، رانا ثنا اللہ اور سعد رفیق بھی شریک تھے جبکہ جے یو آئی کی جانب سے گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی، نور عالم خان اور مولانا غفور حیدری نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔اہم ملاقات کے دوران سیاسی و پارلیمانی امور پر مشاورت بھی کی گئی۔
نواز شریف کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات دو مراحل میں ہوئی، پہلے جے یو آئی اور لیگ کے قائدین کی وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جبکہ دوسرے مرحلے میں نواشریف اور مولانا فضل الرحمان کی ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔ملاقات میں نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مولانا صاحب ہمارے ساتھی تھے، ساتھی رہیں گے،ان سے اچھی ملاقات رہی۔ اس حوالے سے رانا ثنا اللہ کا بھی یہی کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے اچھی ملاقات رہی۔