اسلام آباد(نیوزڈیسک)صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن بختاوری نے قومی اسمبلی میں حلف اٹھانے پر نومنتخب اراکین کو مبارکبادپیش کی ہے ۔
اپنے ایک بیان میں احسن بختاوری نے اس امید کا اظہار کیا کہ قومی اسمبلی میں حلف برداری کے بعد ملک سیاسی استحکام کی طرف جائے گا، حکومت سازی کا عمل شروع ہونے سے ملک میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو گا، تمام جماعتیں سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے چارٹر آف اکانومی کریں،
انہوں نے کہا کہ معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنا نئی حکومت کی اہم ترجیح ہونی چاہیے،نئی آنے والی حکومت آئی ایم ایف سے اگلے پروگرام کیلئے فوری ہوم ورک شروع کرے ، معاشی استحکام کیلئے پالیسیوں کا تسلسل اور آئی ایم ایف سے نیا بیل آئوٹ پیکج درکار ہو گا،احسن بختاوری ن کہا کہ ملک نازک حالات سے گزر رہا،اصلاحات کی کڑی گولی نگلے بغیر درست سمت میں گامزن نہیں ہو سکتا ،بیرونی سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافے سے معیشت کی پائیدار بنیادوں پر بحالی ممکن ہے،خسارے میں چلنے والے سرکاری ادارے قومی خزانے پر بہت بڑا بوجھ ہیں،فوری نجکاری کی جائے ،وطن عزیز کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے بزنس کمیونٹی سمیت تمام طبقوں سے مشاورت ناگزیر ہے ،معاشی استحکام کے لیے تمام تر اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے کاوشیں کرنا ہوں گی، بزنس کمیونٹی معاشی بحالی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر حکومت کی حمایت کرے گی۔