
اسلام آباد(آئی پی ایس)وفاقی حکومت نے بجلی کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافے کا پلان بنا لیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے یکم مارچ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، پٹرول ساڑھے 4 روپے جبکہ ڈیزل 2 روپے 50 پیسے فی لٹر مہنگا ہونے کا امکان ہے۔
مٹی کا تیل 2 روپے 92 پیسے فی لٹر مہنگا ہو سکتا ہے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
برنٹ آئل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 82 ڈالر 52 سینٹ فی بیرل ہے، اوگرا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری 29 فروری کو وزارت پٹرولیم کو بھجوائے گا۔
وزیر خزانہ وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کریں گی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں یکم سے 15 مارچ تک لاگو ہوں گی۔
واضح رہے گزشتہ روزنیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ایک ماہ کے لیے بجلی7 روپے 5 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی۔