تجارت

کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کرنا نئی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہو گا :قیصر احمد شیخ

اسلام آباد ( آئی پی ایس) مسلم لیگ نون کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و ریونیو کے سابق چیئرمین قیصر احمد شیخ نے کہا کہ کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کرنا نئی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہو گا تا کہ ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے اور معیشت جلد بحال ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ نئی حکومت کاروباری برادری کی مشاورت سے معاشی پالیسیاں بنانے پر توجہ دے گی تاکہ سازگار کاروباری ماحول کو فروغ دیا جا سکے اور کاروبار کے فروغ میں تاجر برادری کو سہولت ملے۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور ٹیکس کلچر کو بہتر بنانے کے لیے ایف بی آر میں مزید اصلاحات لانے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے اہم مسائل کو حل کرنے پر توجہ دی جائے گی تاکہ ملک کی معاشی ترقی میں ان کا کردار مزید بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ تاجر برادری کے مسائل کو حل کرانے اور کاروبار کی ترقی میں سہولت فراہم کرنے کیلئے ہرممکن تعاون کریں گے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنی معیشت بہتر کرنے کیلئے تجارت اور برآمدات کو تیزی سے فروغ دینے کی ضرورت ہے اور اس بات پر زور دیا کہ آنے والی حکومت پاکستان کی برآمدات کی حقیقی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے نجی شعبے کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ خسارے میں چلنے والے کمرشل سرکاری ادارے قومی خزانے پر بہت بڑا بوجھ ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ آنے والی حکومت ان کی جلد نجکاری کرے تا کہ ان کی کارکردگی بہتر ہو اور ملک کو مزید نقصان نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں علاقائی تجارت کو فروغ دینے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے لہذا آنے والی حکومت اپنی معیشت کے لیے فائدہ مند نتائج حاصل کرنے کے لیے علاقائی تجارت کے فروغ پر خصوصی توجہ دے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تاجر برادری ملک کے کاروباری اور معاشی مفادات کے فروغ کے لیے آنے والی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ آنے والی حکومت صنعتی شعبے کی بہتر ترقی پر توجہ دے جس سے ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور برآمدات بہتر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کیلئے ملک بھر میں مزید صنعتی زونز قائم کیے جائیں جس سے ملک میں سرمایہ کاری کو بھی بہتر فروغ ملے گا۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ آنے والی حکومت کو چاہیے کہ وہ سیکشن 7 ای کے تحت غیر منقولہ جائیداد پر عائد ٹیکس واپس لے کیونکہ اس ٹیکس کے نفاذ سے رئیل اسٹیٹ شعبے کی کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں جس سے معیشت کو بھی نقصان ہو رہا ہے۔
ظفر بختاوری، سابق صدر آئی سی سی آئی اور سیکرٹری جنرل یو بی جی پاکستان نے کہا کہ آنے والی حکومت پاکستان کی برآمدات کو بہتر بنانے کے لیے دنیا کے تمام اہم ممالک کے ساتھ پاکستان کے براہ راست فضائی روابط قائم کرنے پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی جلد نجکاری کی جائے تا کہ قومی خزانے کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker