پاکستان

پاکستان اور سعودی عرب کاروباری تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر توجہ دیں۔ احسن بختاوری

اسلام آباد – اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ایک زرعی ملک ہونے کی وجہ سے پاکستان معیاری زرعی مصنوعات تیار کر رہا ہے اور سعودی عرب زیادہ تر زرعی منصوعات باہر سے درآمد کرتا ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب اپنے صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستان سے زرعی مصنوعات درآمد کرنے پر توجہ دے جس سے دونوں ممالک کے کاروباری تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر کے دورے کے موقع پر سعودی عرب کی الشاق ٹریڈنگ ایسٹ کمپنی کے جنرل منیجر فاضل عبداللہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔


احسن بختاوری نے کہا کہ پاکستان گندم، چاول، پھل اور سبزیوں سمیت دیگر زرعی منصوعات برآمد کرتا ہے لہذا یہ مصنوعات سعودی عرب کی مارکیٹ میں بھی بہتر مقبولیت حاصل کر سکتی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی پاکستان سے سعودی عرب کو ان مصنوعات کی برآمدات بڑھانے میں سعودی عرب کی کمپنیوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی گوشت، پولٹری مصنوعات، ٹیکسٹائل، آئی ٹی مصنوعات، آلات جراحی، کھیلوں کا سامان، چمڑے کی مصنوعات اور تعمیراتی مواد بھی سعودی عرب کو برآمد کی جا سکتی ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب پاکستان سے ان مصنوعات کی درآمدات کرنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کو دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور دونوں ممالک میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط کاروباری روابط کو فروغ دینے میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔


اس موقع پراپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کی الشاق ٹریڈنگ ایسٹ کمپنی کے جنرل منیجر فاضل عبداللہ نے پاکستان سے کھانے پینے کی اشیائ، پھلوں، سبزیوں، سمندری خوراک اور لائیو سٹاک کی براہ راست درآمدات کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان براہ راست تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے عوام اور معیشتوں کے لیے فائدہ مند نتائج حاصل ہوں۔


اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور کاروباری تعلقات کو بہتر کر کے ان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان سعودی حکومت کے ویژن2030کے حصول میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔


گلگت بلتستان چیمبر آف کامرس کے گروپ لیڈر ناصر حسین راکی، منڈی بہائوالدین چیمبر آف کامرس کے گروپ لیڈر حیدر رضا کاظمی، خیبر پختونخواہ چیمبر کے گروپ لیڈر سید جاوید حسین کاظمی، محمد نوید ملک، اور دیگر بھی اس موقع موجود تھے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker