تاجر برادری کے مسائل کو اجاگر کر کے سازگار کاروبای حالات کیلئے کردار ادا کریں گے۔ طارق علی ورک
اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفدکی طرف سے آر آئی یو جے کے نو منتخب عہدیداران کو مبارک باد
اسلام آباد(آئی پی ایس ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس(آر آئی یو جے ) کا دورہ کیا اور یونین کے نومنتخب صدر طارق علی ورک ،جنرل سیکرٹری آصف بشیر چوہدری اور دیگر عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن بختاوری نے کہا کہ صحافتی برادری کا معاشرے کو درست اور بروقت معلومات فراہم کرنے اور پاکستان کی معاشی صلاحیت کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر صحافتی برادری کے ساتھ مل کر پاکستان کی تجارت و برآمدات کو بہتر فروغ دینے کی کوشش کرے گا۔انہوں نے کہا کہ صحافتی برادری پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں پائے جانے والے سرمایہ کاری کے مواقعوں کو میڈیا میں اجاگر کرے جس سے پاکستان میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے گا۔
راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدرطارق علی ورک نے کہا نے چیمبر آف کامرس کے صدر احسن بختاوری اوروفد کے شکر گزار ہیں کہ وہ مبارکباد دینے کے لیے ہمارے پاس آئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آر آئی یو جے اور چیمبر آف کامرس مل کر مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے کیونکہ ملکی حالات ایسے ہیں کہ تاجر اور صحافی مشکلات کا شکار ہیں اور ان مشکلات سے نکلنے کے لیے مل کر کوشش کرنا ہو گی۔ انہوںنے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کو اجاگر کر کے سازگار کاروباری حالات پیدا کرنے کیلئے کردارادا کریں گے۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس سے بہت پرانا رشتہ ہے، آزادی اظہار رائے کی ہر جدوجہد میں آئی سی سی آئی نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے، آج بھی یہ ہمارا مان اور حوصلہ بڑھانے کیلئے یہاں موجود ہیں۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اور صحافتی برادری کیلئے اسلام آباد میں ایک ہسپتال بنا یا جائے جہاں پر صحت کی تمام تر سہولیات مفت ملیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی بننے والی حکومت معاشی بحالی کیلئے اپنا منشور پیش کرے جبکہ چیمبر نیشنل پریس کلب کے اشتراک سے اس سلسلے میں ایک سمٹ کا اہمتام کرے گا۔
آر آئی یو جے کے سیکرٹری جنرل آصف بشیر چوہدری نے کہا کہ آئی سی سی آئی کے ساتھ ان کی یونین کا دوستی کا رشتہ کئی دہائیوں پر محیط ہے، آج چیمبر آف کامرس کے دوستوں کے آنے سے ہمارا سینہ خوشی سے پھول گیا ہے۔
نیشنل پریس کلب کے صدر انور رضا نے کہا کہ چیمبر آف کامرس کے دوست ہمیشہ ہماری ہر خوشی میں شامل ہوتے ہیں اور ہر دکھ میں ہمارے ساتھی بنتے ہیں اور امید ظاہر کی کہ اس عمدہ روایت کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ سیکرٹری نیشنل پریس کلب خلیل احمد راجہ اور سیکرٹری فنانس نیئر علی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدی، امیر حمزہ، سیف الرحمن خان، ناصر چوہدری، شاہد عباسی، نثار احمد مرزا، ظریف خان اور دیگر چیمبر کے وفد میںموجود تھے۔ آر آئی یو جے کی مجلس عاملہ کے اراکین علی اختر، رانا فرحان اسلم، رضوان گیلانی، نوابزادہ شاہ علی اور غفران چشتی سمیت صحافیوں کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔