تجارت

آئی سی سی آئی کی بزنس کانفرنس کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کریں گے۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی



اسلام آباد : متحدہ عرب امارات میں تعینات پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی طرف سے مارچ کے پہلے ہفتے میں دبئی میں ایک بزنس کانفرنس منعقد کرنے کے منصوبے کو سراہا اور اسے کامیاب بنانے میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن ظفر بختاوری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے دبئی میں ان سے ملاقات کی اور آئی سی سی آئی کی طرف سے دبئی میں منعقد ہونے والی بزنس کانفرنس کو کامیاب بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کاروباری تعلقات کو مضبوط بنانے اور جوائنٹ وینچرز قائم کرنے کے عمدہ مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات میں آئی سی سی آئی کی بزنس کانفرنس جیسے ایونٹس کو باقاعدگی کے ساتھ منعقد کیا جائے جس سے دونوں ممالک کے کاروباری تعلقات کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان کا سفارت خانہ چیمبر کی بزنس کانفرنس کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اطہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ چیمبر پہلے ہی ترکی، ملائیشیا اور آذربائیجان میں کامیاب بزنس کانفرنسز منعقد کر چکا ہے اور اب چیمبر نے بزنس کانفرنس کا اگلا ایڈیشن دبئی میں منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جو کاروبار اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کا 160 رکنی وفد دبئی بزنس کانفرنس میں شرکت کرے گا۔ وفد رئیل اسٹیٹ، تعمیرات، آئی ٹی، زراعت، فارماسیوٹیکل، فوڈ پروسیسنگ اور پیکیجنگ، لائٹ انجینئرنگ، لاجسٹکس، فرنچائزنگ، سیاحت اور دیگر شعبوں کی نمائندگی کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کانفرنس کے موقع پر ایک ایوارڈ تقریب بھی منعقد کی جائے گی جس میں کاروبار کے شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو ایوارڈ دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے اور امید ظاہر کی کہ چیمبر کی بزنس کانفرنس دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو کے درمیان مضبوط کاروباری روابط کو فروغ دینے اور بزنس پارٹنرشپس کے مواقع تلاش کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کانفرنس کے موقع پر پاکستانی مصنوعات کی ایک چھوٹی نمائش کا بھی اہتمام کیا جائے گا تا کہ ان کی برآمدات کو بہتر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دبئی چیمبر آف کامرس کے نمائندوں اور متحدہ عرب امارات کے ممتاز تاجروں اور سرمایہ کاروں کو بزنس کانفرنس میں مدعو کیا جائے گا۔
احسن ظفر بختاوری نے اس دورے کے موقع پر دبئی ڈپلومیٹ بزنس کلب کے صدر جاوید ملک سے بھی ملاقات کی اور انہیں دبئی میں چیمبر کی بزنس کانفرنس منعقد کرنے کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ جاوید ملک نے دبئی میں بزنس کانفرنس منعقد کرنے کی چیمبر کی کاوش کو سراہا اور اسے کامیاب بنانے کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker