
اسلام آباد(آئی پی ایس)رہنما تحریک انصاف سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ عمران خان کی سزاؤں کے خلاف تینوں اپیلیں دائر کر دی ہیں۔ توشہ خانہ اور سائفر میں سزا کی اپیلیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں جبکہ عدت میں نکاح پر سزا کی اپیل سیشن کورٹ میں دائر کی گئی ہے۔
رہنما تحریک انصاف سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ عمران خان کی سزاؤں کے خلاف تینوں اپیلیں دائر کر دی ہیں۔ توشہ خانہ اور سائفر میں سزا کی اپیلیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں جبکہ عدت میںنکاح پر سزا کی اپیل سیشن کورٹ میں دائر کی گئی ہے۔
عمران خان کے وکیل سردار لطیف کھوسہ عمران خان کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر کرنے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سزاؤں کے خلاف تینوں اپیلیں دائر کر دی گئی ہیں، آج سماعت تو نہیں ہوگی لیکن چیف صاحب کو درخواست کی ہے کہ ان کو جلد از جلد سماعت کے لیے لگا دیں۔
واضح رہے رہنما تحریک انصاف عمران خان کو توشہ خانہ، سائفر اور عدت میں نکاح کیس میں سزا ہوچکی ہے، 31 جنوری بدھ کے روز احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں جرم ثابت ہونے پر 14،14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی اور 10 سال کے لیے عوامی عہدے کے لیے نااہل بھی کردیا۔ سزا سناتے ہوئے کہا گیا کہ جیل میں گزارا ہوا وقت سزا میں شامل تصور کیا جائے گا۔
توشہ خانہ میں سزا سے ایک روز پہلے سائفر کیس میں اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10 سال قید کی سزا سنائی، سابق وزیراعظم اور سابق وزیرخارجہ کو سزا خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے سنائی۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ کے پاس جرم ثابت کرنے کے لیے ٹھوس شواہد موجود تھے۔