کراچی(آئی پی ایس)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے سندھ کے صوبائی حلقے پی ایس 129سے اپنی جیتی ہوئی نشست سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا’ اس حلقے سے مجھ سے زیادہ ووٹ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار نے لیے، مجھے خیرات میں یہ سیٹ دے رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی میں سیٹوں کی بندر بانٹ کی گئی، عام انتخابات میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کا بٹوارہ کرکے الیکشن کمیشن نے خود پر سیاہی ملی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس ملک میں الیکشن کمیشن آزاد نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو کچھ اس وقت ملک میں ہو رہا ہے، وہ تماشے سے زیادہ کچھ نہیں ہے، اس کی کوئی جمہوری حقیقت اور آئینی حیثیت نہیں ہے۔ یہ ڈنڈے اور زبردستی کا مینڈیٹ ہے جو لوگوں کو مختلف جگہوں پر فراہم کیا جا رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 5 افراد کے 100 فیصد نتائج ان کے پاس ہیں اور 100 فیصد یہ لوگ جیتے ہوئے ہیں، فارم جیسے جیسے مکمل ہوں گے تو مزید نام بھی سامنے آئیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ کے صوبائی حلقے پی ایس 124 سے معمر احمد قاری 17 ہزار 761 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، ان کے مقابلے میں ایم کیو ایم کے امیدوار کو 38 ہزار ووٹ دے کر کامیاب کیا گیا حالانکہ حقیقت میں ان کے صرف 9 ہزار 137 ووٹ ہیں۔
واضح رہے کہ یہ پہلی مثال ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے کامیاب قرار دیے جانے والے ایک رکن اسمبلی نے ایک دوسرے امیدوار کے حق میں اپنی سیٹ چھوڑ دی کہ انہوں نے ان کے مقابلے میں زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں۔