لاہور (آئی پی ایس) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
لاہور کے علاقے گوالمنڈی، ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، مال روڈ، ہال روڈ، ساندہ، کرشن نگر، چوبرجی، جیل روڈ، مزنگ، گلبرگ، شادمان، کینٹ، مسلم ٹاؤن، فیروزپور روڈ سمیت دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈیفنس، گارڈن ٹاؤن، کینال روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ، جوہر ٹاؤن، علامہ اقبال ٹاؤن، وحدت روڈ، مصطفیٰ ٹاؤن میں بھی بادل برسے۔
اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف علاقوں گوجرہ، جھنگ، پنڈی بھٹیاں، شرقپور، شیخوپورہ، صفدر آباد، مریدکے، پھولنگر، قصور، کاہنہ اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں رات سے ہونے والی موسلادھار بارش سے ہر طرف پانی ہی پانی ہوگیا، کئی سڑکیں ڈوب گئیں، ملیر، ناظم آباد، نارتھ کراچی، گلشن معمار اور کورنگی سمیت کئی علاقوں میں بادل جم کر برسے۔
موسم کی خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر الرٹ جاری کر دیا گیا، پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے، سول ایوی ایشن نے چھوٹے طیاروں کو اڑان بھرنے سے روک دیا ہے۔