لاہور(آئی پی ایس)پاکستان کو نواز دو کے سلوگن سے مسلم لیگ ن نے انتخابی منشور جاری کر دیا۔
ن لیگ نے انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے کسانوں کو سود سے پاک قرضے فراہم کریں گے، فصل کے نقصان کی کمی پوری کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کریں گے، تمام سرکاری دفاتر کو ماحول دوست بنائیں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ منشور سب پیش کرتے ہیں لیکن عمل کوئی نہیں کرتا۔
شہباز شریف نے کہا کہ چیمپئن شپ کے دعوے کرنے والوں نے 10سالوں میں جو کیا وہ عوام کے سامنے ہے۔
تقریب کے آغاز میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما عرفان صدیقی نے کہا کہ آج ہمارے منشور کے اعلان کی تقریب کے ساتھ ہی دھند چھٹ گئی ہے، نومبر میں قائدین نے ن لیگ کے منشور کی تیاری کا کام سونپا تھا، نواز شریف کی ہدایت تھی کہ منشور میں ایسی چیز نہ ہو جس پر عمل نہ کر سکیں۔
عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ منشور کی تیاری میں قیادت کی پوری رہنمائی حاصل رہی، منشور کی تیاری میں اصلاحات کا عمل بھی جاری رہا، اس وجہ سے تاخیر ہوئی، منشور بنانے کے لیے 32 کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں، یہ منشور ایک دستاویز ہے، ماضی کی کارکردگی کو بھی اس کا حصہ بنایا گیا، نواز شریف نے منع کیا تھا کہ منشور میں جھوٹے خواب نہ دکھائے جائیں، منشور میں کوئی ایسی چیز نہیں جو ہم اقتدار میں آکر نہ کر سکیں۔