حکومت کے ساتھ مل کر معیشت کو مشکلات سے نکالنے میں کردار ادا کریں گے۔ احسن ظفر بختاوری
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے ایک وفد کی قیادت میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا اور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو یونیورسٹی کا صدر تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید، گروپ چیئرمین خالد اقبال ملک، سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری اور آل پاکستان انجمن تاجراں کے صدر اجمل بلوچ وفد میں شامل تھے۔
وفد سے بات چیت کرتے ہوئے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے معیشت کی ترقی میں بزنس کمیونٹی کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی بلوچستان سمیت ملک کے پسماندہ علاقوں میں سرمایہ کاری کرے جس سے وہاں کا انفراسٹریکچر بہتر ہو گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، غربت و افلاس کم ہو گی اور عوام کیلئے خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی نئی آنے والی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے اور سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے کیلئے حکومت کو تجاویز دے تا کہ باہمی مشاورت کے ذریعے پاکستان کو مشکلات سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ پاکستان ایران حالیہ کشیدگی کے حوالے سے اظہار رائے کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تاریخی دوستی کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور جلد ان کے تعلقات معمول پر آ جائیں گے۔ انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے اہم پروگراموں میں نامور بزنس لیڈرز کو مدعو کیا جائے گا تا کہ وہ کاروبار کے میدان میں اپنی نمایاں کامیابیاں طلبا کے ساتھ شیئر کر سکیں۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی و ترقی ایک مضبوط معیشت سے وابستہ ہے لہذا بزنس کمیونٹی حکومت کے ساتھ مل کر معیشت کو مشکلات سے نکالنے میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل سیکورٹی ورکشاپ میں چیمبر کو بھی مستقل سیٹ دینے پر غور کیا جائے اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں منعقد ہونے والے اہم پروگراموں میں چیمبر کے ممبران کو مدعو کیاجائے تاکہ وہ کاروبار کے شعبے میں اپنی کامیابیاں طلبا کے ساتھ شیئر کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے ساتھ مل کر طلبا کے فائدے کیلئے ایک سمینار منعقد کرنے کی کوشش کرے گا۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے دفاعی تعلیم و تحقیق کے شعبے میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہا جس سے پبلک و پرائیویٹ سیکٹرز میں مستقبل کے لیڈر پیدا ہو رہے ہیں اور ان کوششوں میں تاجر برادری کے بھرپور تعاون کے عزم کی تجدید کی۔
چیمبر کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک ، سابق صدر اور یوبی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری اور آل پاکستان انجمن تاجراں کے صدر اجمل بلوچ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان کو خطے کی مضبوط معیشت بنانے کیلئے بزنس کمیونٹی کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔