اسلام آباد(آئی پی ایس )صدراسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ معاشی حالات یکجہتی،طول المدتی پالیسیوں اور معیشت کے حوالے سے قومی سطح پر ہم آہنگی کا تقاضا کرتے ہیں۔پاکستان کی بزنس کمیونٹی حکومتی پالیسیوں کی تائید کرتی ہے۔آئندہ ماہ ملک میں انتخابات ہوں گے ،ہمیں امید ہے نئی منتخب حکومت نہ صرف جاری پالیسیوں پر کار بابند رہے گی بلکہ نجکاری سمیت دیگر انتہائی ضروری اقدامات کو ترجیحات میں شامل کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بزنس مین نواز بسرا اورسید سادات حسین شاہ کی طرف سے دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
عشائیہ صدر اسلا م آباد چیمبر احسن بختاوری کی ایک مدت میں ایک سالہ توسیع اور یو نائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری کو ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں فتح پر دیا گیا،عشائیے میں اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی ۔اپنے خطاب میں صدر آئی سی آئی نے کہا کہ حکومت اور اداروں کی مربوط کوششوںسے پاکستان معاشی بحران سے نکل رہا ہے۔قومی سرمایہ کاری کونسل کی تشکیل سمیت دیگر اقدامات نے بزنس کمیونٹی کو اعتماد دیا ہے جس کا اظہار روپے کی قیمت میں استحکام ،سٹارک مارکیٹ اور دیگر معاشی اعشاریوں سے ہو رہا ہے۔آئی ایم ایف پروگرام کو سابقہ حکومت اور موجودہ نگران حکومت نے بہترین طریقے سے استعمال کیا ہے۔تجارتی خسارے میں خاطر خواہ کمی بھی معاشی صورتحال میں بہتری کی طرف اشارہ کر رہی ہے مگر ابھی صرف شروعات ہیں ،پاکستان کو معاشی میدان میں مزید کامیابیوں کیلئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے پالیسوں میں تسلسل ناگزیر ہے۔بزنس کمیونٹی کا مطالبہ ہے کہ آئندہ ماہ منتخب ہونے والی نئی حکومت موجودہ معاشی پالیسیوں کو جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ بطور صدر اسلام آباد چیمبر ہم نے مل کر کمیونٹی کی بھرپور خدمت کی اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔اسلام آباد کی مارکٹیوں میں تعمیراتی کام،سی ڈی اے ،ایم سی آئی سے متعلقہ مسائل،ٹیکس کے معاملات سمیت بزنس کمیونٹی کے تمام مسائل کے حل کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری نے کہا کہ یو بی جی نے ہمیشہ مثبت اور تعمیری سیاست کی ہے۔ہم نے اسی سوچ کے تحت ایس ایم تنویر کی قیادت میں فیڈ ریشن کے انتخابات میں فتح کا ہدف حاصل کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے فیڈ ریشن حکومتی اور پالیسی ساز اداروں کے ساتھ مل کر کام کر ے گی۔چیئر مین فائونڈر گروپ خالد اقبال ملک نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر نے گزشتہ ایک سال سے زائد کے عرصے میں احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔چیمبر کی موجودہ باڈی کا بنیادی نقطہ نظر ہی خدمت کا ہے۔اسلام آباد چیمبر میں چھوٹے یا بڑے بزنس مین کی تقسیم ختم کر دی ۔چیمبر کے دروازے ہر ممبر کیلئے کھلے ہیں۔عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے نواز بسرا نے کہا کہ میں صدر اسلام آباد چیمبر کو عہدے کی مدت میں توسیع اور فیڈ ریشن کے انتخابات جیتنے پر ظفر بختاوری کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ان لوگوں کی وژنری قیادت میں بزنس کمیونٹی نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔سادات شاہ نے کہا کہ تنظیموں کے عہدیدان کی کامیابیوں پر ان کی تحسین کی جانی چاہیے۔اس میں کوئی شک نہیں کہ احسن ظفر بختاوری نے بطور صدر اسلام آباد چیمبر کا ماحول تبدیل کیا ہے۔تاجر کو چیمبر سے جوڑنے کا جو کارنامہ انہوں نے سر انجام دیا ہے وہ یاد رکھا جائے گا۔عشائیے میں عثمان بسرا،اجمل بلوچ،یوسف راجپوت،اظہر اقبال،زاہد رفیق،رانا قیصر شہزاد،مقبول حسین،شفیق صفاتی،خالد چوہدری ،بابر چوہدری،طاہر عباسی سمیت دیگر شریک ہوئے۔