
ملتان(نیوزڈیسک)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زردری نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو یوتھ کارڈ کے ذریعے بااختیار بنائیں گے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کسانوں کو کسان کارڈ اور مزدوروں کو مزدور کارڈ دیں گے،عوام سے اپیل ہے کہ پرانی سیاست کو دفن کرکے نئی سوچ کو سامنے لائیں۔
بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف پر مشکل وقت ہے ان کے کارکنان پر ترس آتا ہے، لگتا ہے پی ٹی آئی کو دوسرے انتخابی نشان پر الیکشن لڑنا پڑے گا، پی ٹی آئی نے بلے کے نشان کا کیس کمزور طریقے سے لڑا ہے، پی ٹی آئی نے اپنے انٹراپارٹی انتخابات میں گڑبڑ کی ہے۔
بلاول بھٹونے کہا ہے 26 جنوری کو ملتان میں پیپلز پارٹی کا جلسہ ہوگا،ملکی حالات کو ٹھیک کرنے کی صلاحیت صرف پیپلز پارٹی میں ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اپنے نظریے پر عملدرآمد کیلئے الیکشن جیتنا ہیں، ہمارے اور دیگر جماعتوں کے نظریے میں فرق ہے، دیگر جماعتیں اشرافیہ کو ریلیف اور غریبوں کو تکالیف دیتی ہیں،بلاول بھٹو ہم پاکستان کے نوجوانوں، مزدوروں، کسانوں اور صحافیوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عوام ہی طاقت کا سرچشمہ ہیں، عوام کا لاڈلا بنیں گے، ملتان کے عوام کی تنخواہیں ڈبل کریں گے اور یہاں کے عوام کیلئے ایجنڈا لے کر آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم مہنگائی، بیروزگاری کا مقابلہ کرتے رہیں گے، عوام سے اپیل ہے کہ تیر پر مہر لگائیں تاکہ آپکے مسائل حل ہوں۔