فیڈریشن کے الیکشن میں یو بی جی کی کامیابی ملک کی بزنس کمیونٹی کے بھرپور اعتماد کامظہر ہے۔ ایس ایم تنویر
ملک بھرکے تاجروں وصنعتکاروں کے مسائل حل کرانے کیلئے بھرپور کردار ادا کروں گا۔ عاطف اکرام شیخ
عاطف اکرام شیخ کی کامیابی ایس ایم منیر مرحوم کی خواہشات کی تکمیل ہے۔ ظفر بختاوری
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر عاطف اکرام شیخ نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بطور نومنتخب صدر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ اس سلسلے میں فیڈریشن میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں یو بی جی کے سرپرسرت اعلیٰ ایس ایم تنویر، صدر زبیر طفیل، سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری اور ایف پی سی سی آئی کے سبکدوش ہونے والے صدر عرفان اقبال شیخ نے ان کو فیڈریشن کی صدارت کی کرسی پر بٹھایا ، مبارک باد پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن ظفر بختاوری نے عاطف اکرام شیخ کو ایف پی سی سی آئی کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی نے فیڈریشن کے الیکشن میں عاطف اکرام شیخ اور یو بی جی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی کہ عاطف اکرام شیخ بزنس کمیونٹی کی بہتری اور معیشت کی بحالی کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔
یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر نے کہا کہ فیڈریشن کے الیکشن میں یو بی جی کی کامیابی ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی یقینا ان کیلئے نہ صرف ایک تاریخ ساز لمحہ ہے بلکہ بزنس کمیونٹی کی بہتری کیلئے ان کے سفر کا پہلا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی کی زیر سرپرستی عاطف اکرام شیخ اتحاد اور یکجہتی کے جذبے کے ساتھ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کی فلاح وبہبود کیلئے کام کریں گے اور ان کی عزت و قار کو بحال کرانے کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔
ایف پی سی سی آئی کے نومنتخب صدر عاطف اکرام شیخ نے بھاری اکثریت سے کامیاب کرانے پر اپنے تمام ورٹرز کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دروازے تاجروں و صنعتکاروں کیلئے ہر وقت کھلے ہیں اور وہ بلا تفریق سب کی خدمت کریں گے۔
یو بی جی کے صدر زبیر طفیل نے کہا کہ یو بی جی کی کامیابی پورے ملک کی بزنس کمیونٹی کی خواہشات کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ملک کے تاجروںوصنعتکاروں نے یو بی جی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر کے ایک تاریخ ساز سفر کا آغاز کیا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف پی سی سی آئی کی نومنتخب قیادت بزنس کمیونٹی کے مفادات کے بہتر تحفظ کیلئے کسی قربانی سے گریز نہیں کرے گی۔
یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ عاطف اکرام شیخ کی کامیابی یو بی جی کے سابق سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر مرحوم کی خواہشات کی تکمیل ہے۔انہوںنے کہا کہ ایس ایم تنویر جس طریقے سے اپنے والد مرحوم ایس ایم منیر کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں یہ پورے ملک کی بزنس کمیونٹی کیلئے نیک شگون ہے۔ انہوں نے افواج پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے ملکی معیشت کی بحالی کا بیڑا اٹھایا ہوا ہے اور ہم اس مشن میں ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔
ایف پی سی سی آئی کے سبکدوش ہونے والے صدر عرفان اقبال شیخ نے عاطف اکرام شیخ کو فیڈریشن کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرانے کی کوششوں میں وہ عاطف اکرام شیخ کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے۔