ٹاپ سٹوری

شہر قائد کو اس کا حق دینے آیا ہوں: شہباز شریف

کراچی(آئی پی ایس)سابق وزیرِ اعظم و صدر مسلم لیگ (ن )شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی اربوں روپے کما کر دیتا ہے، شہر قائد کو اس کا حق دینے آیا ہوں۔
کراچی میں ایم کیو ایم کے کنونیئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نئے حالات میں سیاسی جماعتوں میں ذہنی ہم آہنگی بہت اہم ہے، ایم کیو اہم ہماری سنجید پارٹنر ہے، تمام کام شراکت داری اور ٹیم ورک سے ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں تعلقات میں اتار چڑھا آتا رہا، جب مخلوط حکومت میں ایم کیو ایم کے ساتھ اعتماد رشتہ مزید مضبوط تھا، ہم نے ملکر چیلنجز، سیلاب اور ملک کے ڈیفالٹ ہونے کے خطرے کا مل کر مقابلہ کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپنی ذات سے بالاتر ہو کر کروڑوں عوام کی خوشحالی کیلئے ہر چیز وقف کرنا ہوگی، آئیں مل کر فیصلہ کریں کہ پاکستان اور اس شہر کو عظیم بنائیں گے، عوام کے مینڈیٹ کے تابع تمام معاملات ہوں گے، عوام جس طرح کا مینڈیٹ دیں گے اسی طرح نظام چلے گا۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ کیا لاڈلا وہ ہوتا ہے کہ تین بار کے وزیراعظم کو ہتھکڑیاں لگا کر دنیا کے سامنے رسوا کیا جائے۔
اللہ ن لیگ اور متحدہ میں ہم آہنگی قائم رکھے: خالد مقبول
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ملک میں ایسی جمہوریت ہونی چاہیے جس کے ثمرات عام پاکستان تک پہنچیں، سیاسی جماعتوں میں اس وقت ذہنی ہم آہنگی سب سے بڑی شرط ہے۔
ایم کیو ایم کے کنونیئر کا کہنا تھا کہ ایک بہتر جمہوریت اور پاکستان بنتا ہوا دیکھ رہا ہوں، ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن میں ہم آہنگی موجود ہے اللہ اسے قائم رکھے، مسلم لیگ کے وفد کو متحدہ کے دفتر آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
قبل ازیں سابق وزیرِ اعظم و صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کی قیادت میں ن لیگ کا وفد کراچی میں ایم کیو ایم کے بہادر آباد میں واقع مرکز پہنچا جہاں خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال اور رابطہ کمیٹی کے ارکان نے استقبال کیا۔
شہباز شریف کی قیادت میں لیگی وفد نے ایم کیو ایم کے کنونیئر ڈاکٹر خالد مقبول اور رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دونوں جماعتوں کے درمیان الیکشن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ سمیت دیگر انتخابی امور پر مشاورت ہوئی۔
ملاقات میں ایم کیو ایم کی جانب سے مصطفیٰ کمال، فاروق ستار، امین الحق، نسرین جلیل، انیس قائم خانی و دیگر شریک ہوئے جبکہ ن لیگ کے وفد میں ایاز صادق، مریم اورنگزیب، سعد رفیق، بشیر میمن، نہال ہاشمی، علی اکبر گجر دیگر شامل تھے۔
اس موقع پر شہباز شریف نے نواز شریف کا سلام اور خصوصی پیغام متحدہ کی قیادت کو پہنچایا۔

شہبازشریف نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ اپنے دوستوں سے ملنے آیا ہوں، نواز شریف کا پیغام اور سلام لایا ہوں۔
شہباز شریف نے ایم کیو ایم کے کنوینر، اراکین رابطہ کمیٹی اور دیگررہنماؤں سے ملاقات کے دوران کہا کہ ایم کیو ایم نے گزشتہ حکومت میں ہمارے ساتھ بہت تعاون کیا جس کیلیے ان کے شکر گزار ہیں، آگے بھی بہت سے چیلنجز کا سامنا ہوگا، ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ ن مل کر ان چیلنجز کا سامنا کریں گی۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker