کاروباری طبقے کی بہتری کیلئے آئی سی سی آئی کا کردار قابل ستائش ہے۔ ڈاکٹر دانش
بحریہ یونیورسٹی کے بزنس شعبے کے طلبا کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا دورہ
اسلام آباد : پاکستان کو نئی ملازمتیں پیدا کرنے، جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے، پیداواری صلاحیت کو بڑھانے اور معیشت کو موجودہ مشکلات سے نکال کر پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے نئے انٹرپرینورز کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، لہذا طلبا حصول تعلیم کے بعد اپنا کاروبار شروع کرنے پر توجہ دیں جس سے وہ نہ صرف خود ایک خوشحال مستقبل حاصل کریں گے بلکہ دوسروں کیلئے بھی روزگار کے مواقع پیدا کر کے غربت و افلاس میں کمی کریں گے اور معیشت کی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے بحریہ یونیورسٹی کے بزنس شعبے کے طلبا کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس نے یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر دانش کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کیا ۔
احسن بختاوری نے طلبائ کو آئی سی سی آئی کے کردار اور سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی اور ان کو بتایا کہ چیمبر کیسے کاروباری طبقے کے اہم مسائل کو حل کرانے اور تاجر برادری کے مفادات کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے طلبائ کو دور حاضر کی کاروباری مہارتوں کے بارے میں آگاہ کیا جو موجودہ شدید مقابلے کے کاروباری ماحول میں کامیابی کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے طلبا کو معیشت کے مختلف شعبوں بشمول آئی ٹی، انڈسٹری ، ریٹیل ، اور زراعت کی کاروباری صلاحیت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک نے مضبوط اکیڈمیا انڈسٹری روابط کو فروغ دے کر پائیدار معاشی ترقی حاصل کی ہے لہذا پاکستان کو بھی صنعت کاری کو فروغ دینے اور معیشت کی بحالی کے لیے اسی طریقے کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے چیمبر کا دورہ کرنے پر طلبائ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس دورے سے ان کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔
بحریہ یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر دانش نے طلبائ کی شاندار میزبانی کرنے اور انہیں کاروباری شعبے کی اہمیت کے بارے میں مفید معلومات فراہم کرنے پر چیمبر کے صدر اور ان کی ٹیم کاشکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبائ کے ساتھ اس طرح کی باقاعدہ ملاقاتوں سے طلبائ میں انٹرپرینیورشپ کی حوصلہ افزائی ہو گی اور وہ اپنا کروبار شروع کرنے میں ترغیب محسوس کریں گے۔
چیمبر کی ہائرایجوکیشن کمیشن کمیٹی کے کنوینر عدنان مختار نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور معیشت کو بہتر بنانے کے لیے اکیڈمیا انڈسٹری کے مضبوط روابط کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
طلبائ نے اس موقع پر کاروبار سے متعلق بہت سے سوالات کئے اور ان کے تفصیلی جوابات حاصل کئے۔ انہوں نے کاروبار کے شعبے میں کامیابی حاصل کرنے کے بارے میں مفید مشورے بھی حاصل کیے اور آئی سی سی آئی کے صدر کی تقریر کو گہری دلچسپی سے سنا ۔