ٹاپ سٹوریتازہ ترین

سپریم کورٹ نے انتخابات ملتوی کرنے کی ایک اور درخواست مسترد کر دی

اسلام آباد(آئی پی ایس)سپریم کورٹ نے حلقہ بندی کیس کی سماعت کرتے ہوئے 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں حلقہ بندی کیس کی سماعت ہوئی۔ قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی اور 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات ملتوی کرنے کی ایک اور درخواست کو مسترد کر دیا۔
درخواست گزار امیر خان نے بلوچستان ہائی کورٹ فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور حلقہ بندی پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے انتخابات میں تاخیر کرنے کی استدعا کی تھی۔
کیس کی سماعت کرتے ہوئے قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا کہ درخواست گزار سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کی تاریخ آنا کوئی معمولی بات نہیں الیکشن کی تاریخ آنے سے ملک میں تھوڑا استحکام آیا ہے۔ کیا آپ ملک میں استحکام نہیں چاہتے؟
درخواست گزار کے وکیل قمر افضل نے کہا کہ انتخابی حلقہ بندی کے حوالے سے غلط فیصلہ کیا گیا۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ اب تو الیکشن پروگرام بھی جاری ہوچکا ہے اس لیے اب کچھ نہیں ہو سکتا، ویسے بھی انفرادی درخواستوں پر فیصلہ دینے لگ گئے تو الیکشن عمل متاثر ہوگا اس لیے ایسی درخواستوں پر عام انتخابات کے لیے 8 فروری کی تاریخ کو ڈسٹرب نہیں کریں گے۔
اس موقع پر جسٹس منصور علی شاہ نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کو کسی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے، اگر آپ انتخابات وقت پر نہیں چاہتے تو عدالت میں بیان دیں۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ انتخابات میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے اور نہ ہی ہم کسی کو الیکشن تاخیر کا شکار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
سپریم کورٹ نے بلوچستان کے حلقہ پی بی 12 میں حلقہ بندی سے متعلق نظر ثانی کی درخواست خارج کرتے ہوئے رولنگ دی کہ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد انتخابی حلقہ بندیاں تبدیل نہیں ہو سکتیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker