
اسلام آباد(آئی پی ایس)صدر اسلا م آباد چیمبر اینڈ کامرس انڈسٹری (آئی سی سی آئی)احسن بختاوری نے ایس آئی ایف سی ویزا سہولت کی منظوری اورنگران وزیر تجارت کے دورہ چین پر کہا ہے کہ ایس آئی ایف سی ویزا سہولت کی منظوری ملکی معیشت کیلئے اہم سنگ میل ہے۔
اپنے ایک بیان میں صدر آئی سی سی آئی نے کہاکہ سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کیلئے مزید کاروبار دوست پالیسیاں تشکیل دی جائیں ۔
احسن بختاوری نے کہا کہ ملکی معیشت کی بحالی کیلئے ایس آئی ایف سی اور نگران حکومت کے اقدامات قابل ستائش ہیں ،حکومتی اقدامات کے نتیجے میں سعودی عرب اور دیگر ممالک سے سرمایہ کاری پاکستان آ رہی ہے ۔
احسن بختاوری نے کہا کہ آئی سی سی آئی سمیت پوری بزنس کمیونٹی معاشی بحالی کیلئے تمام اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے ۔
صدر آئی سی سی آئی نے کہاکہ پاکستان اور چین میں آزاد تجارتی معاہدے پر نظرثانی تجارتی تعلقات میں نیا باب ثابت ہو گی،نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز اور تجارتی وفد کے دورہ چین کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔
صدر آئی سی سی آئی نے کہاکہ بزنس کمیونٹی اندسٹری اور برآمدات کے فروغ کے حوالے سے وزیر تجارت کے اقدامات کو سراہتی ہے ،حکومت دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ خسارے کا شکار اداروں کی نجکاری کا عمل بھی تیز کرے۔