اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور انٹرپرینیور آرگنائزیشن اسلام آباد نے مشترکہ کوششوں سے ایس ایم ایز اور سٹارٹ اپس کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے۔ اس سلسلے میں چیمبر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری اور انٹرپرینیور آرگنائزیشن اسلام آباد کے صدر تیمور عادل نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید، نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر، انٹرپرینیور آرگنائزیشن اسلام آباد کے احمد جلال اور دیگر تقریب میں موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ایس ایم ایز معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں تاہم آسان قرضوں کی عدم دستیابی پاکستان میں ایس ایم ایز اور اسٹارٹ اپس کی ترقی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے لہذا دونوں ادارے باہمی تعاون کے ذریعے حکومتی حکام کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے کہ ایس ایم ایز اور سٹارٹ اپس کو سستے قرضے فراہم کئے جائیں تاکہ یہ کاروباری ادارے بہتر ترقی کر سکیں اور ملک کی معاشی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ادارے اسٹارٹ اپس اور ایس ایم ایز کو بزنس ڈویلپمنٹ سپورٹ فراہم کرنے کے لیے بھی مل کر کام کریں گے تا کہ ان کاروباری اداروں کو بزنس پلاننگ، مارکیٹنگ اور فنانشل مینجمنٹ سمیت دیگر معاملات میں رہنمائی فراہم کی جائے جس سے ان کو بہتر فروغ ملے گا۔
انٹرپرینیور آرگنائزیشن اسلام آباد کے صدر تیمور عادل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شدید مقابلے کے موجودہ عالمی کاروباری ماحول میں، بہتر ترقی حاصل کرنے کے لیے ایس ایم ایز اور اسٹارٹ اپس کے لیے نیٹ ورکنگ کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ چیمبر کے تعاون سے اسٹارٹ اپس اور ایس ایم ایز کو دوسرے کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں اور ماہرین سے ملانے اور نیٹ ورکنگ کے نئے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز اور سٹارٹ اپس کو اختراعی وسائل تک رسائی فراہم کرنے کی بھی کوشش کی جائے گی تاکہ وہ نئی مصنوعات تیار کر سکیں، نئی سروسز فراہم کر سکیں اور بہتر ترقی کے لیے نئی ٹیکنالوجی کو اپنا سکیں۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ دونوں ادارے اسٹارٹ اپس اور ایس ایم ایز کیلئے سازگار پالیسیوں کی تشکیل کیلئے کوششیں تیز کریں جس سے ان کاروباری اداروں کو بہتر ترقی ملے گا اور معیشت جلد بحال ہو گی۔ چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ مارکیٹوں تک آسان رسائی ایس ایم ایز اور سٹارٹ اپس کی ترقی کیلئے بہت ضروری ہے لہذا دونوں ادارے ایس ایم ایز اور سٹارٹ اپس کو اس سلسلے میں سہولت فراہم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔