اسلام آباد(آئی پی ایس)ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 65 کروڑ 88 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔
اے ڈی بی نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ قرض سے مختلف شعبوں میں 3 منصوبے مکمل کیے جائیں گے، امداد ٹیکس وصولی بڑھانے اور سیلاب متاثرہ اسکولوں کی بحالی میں استعمال ہو گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امداد زرعی پیداوار بڑھانے کے منصوبوں پر بھی خرچ ہوگی، 30 کروڑ ڈالر کے پروگرام کے ذریعے ٹیکس وصولی بڑھائی جائے گی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ ٹیکس اصلاحات، حکومتی اخراجات میں کمی، سرمایہ کاری بڑھانے کے اقدامات کیے جائیں گے، سندھ میں اسکولوں کی بحالی کے لیے ساڑھے 27 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے، امداد ایشیائی ترقیاتی بینک کے سندھ میں سیلاب سے بحالی کے لیے 1.5 ارب ڈالر پروگرام کا حصہ ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امداد سے 1600 اسکولوں کی تعمیر نو اور بحالی کی جائے گی، سندھ میں سیلاب متاثرہ اسکولوں کی بحالی کے منصوبے کے لیے 8 لاکھ ڈالر گرانٹ دی جائے گی۔
اے ڈی بی کا یہ بھی کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا میں غذائی تحفظ کے منصوبے کے لیے 8 کروڑ ڈالر امداد دی جائے گی، خواتین کسانوں کو بیچوں کی صفائی اور زرعی کیمیکلز کے محفوظ استعمال کے لیے 30 لاکھ ڈالر امداد دیں گے۔