اسلام آباد

شہر اقتدار میں بھی اشتہاری بل بورڈزاور ہورڈنگز کی بھرمار ہو گئی

اسلام آباد (آئی پی ایس ) کراچی کے بعد شہر اقتدار میں بھی اشتہاری بل بورڈزاور ہورڈنگز کی بھرمار ہو گئی ، اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں سالوں سے نصب ناقص مٹیریل والے ہورڈنگز اور بل بورڈز کی وجہ سے انسانی جانیں دائو پر لگ گئیں ،ایم سی آئی اور سی ڈی اے صرف شہر اقتدار کے پوش علاقوں اور مرکزی شاہرائوں پر لگے بل بورڈز کو ریگولرائز کر رہے ہیں ، دیہی علاقوں میں لگے سینکڑوں بل بورڈ سے متعلق نہ کوئی پالیسی ہے اور نہ ہی متعلقہ کمپنیوں سے کسی قسم کا کوئی ٹیکس اکٹھا کیا جاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت کے دیہی علاقوں میں سینکڑوں کی تعداد میں نصب بڑے بڑے اشتہاری بل بورڈز اور ہورڈنگز بھی شہر قائد کا منظر پیش کرنے لگے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق رورل ایریاز میں نصب بل بورڈز اور ہورڈنگز کے پائپ اور دیگر میٹریل اتنا ناقص ہو چکا ہے کہ کسی بھی وقت گرنے کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے کوئی بھی افسوسناک حادثہ رونما ہو سکتا ہے ۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ ان بل بورڈز اور ہورڈنگز کو ریگولرائز کرنے کے حوالے سے تاحال کوئی پالیسی نہیں بنائی جا سکی جس کی وجہ سے تشہیری کمپنیوں کی طرف سے نہ ہی متعلقہ اداروں سے منظوری لی جاتی ہے اور نہ کوئی ٹیکس دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے ایک طرف جہاں قومی خزانے کا نقصان ہو رہا ہے ، وہیں شہر اقتدار کی خوبصورتی اور قدرتی حسن کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ دوسری طرف علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے معاملے کا نوٹس لینے اور ان اشتہاری بل بورڈز اور ہورڈنگز کو ریگولرائز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker