لاہور(آئی پی ایس)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے عوام کو مہنگائی سے نجات صرف مسلم لیگ (ن) دلاتی ہے، انتخابات میں مہنگائی سے عوام کو نجات دلانے کے لئے حصہ لے رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ متفقہ قومی معاشی منشور ہی پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتا ہے، انتخابات میں کامیابی ملی تو نواز شریف کی قیادت میں قومی ترقی کے معاشی منشور پر عمل کریں گے، چارٹر آف اکانومی کی تجویز قائد حزب اختلاف کے طور پر دی تھی جس پر آج پوری قوم متفق ہو چکی ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیاسی اور جذباتی بیانات سے نہیں پالیسی اقدامات سے معیشت بحال اور عوام کو مہنگائی سے نجات ملے گی، عوام مہنگائی سے نجات اور معاشی خوشحالی چاہتے ہیں، روزگار مہیا کریں گے اور غربت کا خاتمہ کریں گے، انشاءاللہ بجٹ خسارا کم کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ پاکستان کی معیشت کو سنوارا، پورے پاکستان کو مساوی بنیادوں پر ترقی دی، زرعی انقلاب لائیں گے، صنعت، معدنیات، آئی ٹی کے شعبوں میں مثالی ترقی ہوگی، 2000 ارب روپے کے زرعی پیکج نے معاشی بہتری اور زرعی شعبے کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا، کاروبار میں آسانی لاکر سازگار معاشی ماحول پیدا کرنا ہے۔پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ عوام انتخابات میں واضح اکثریت دیں تاکہ پاکستان کو معاشی خود انحصاری ملے، عوام کو مہنگائی سے نجات ملے، برآمدات میں اضافہ کرکے معاشی پائیداری یقینی بنائیں گے، نوجوانوں کو ہنرمند بنائیں گے، سٹارٹ اپس کی معاونت اور سرپرستی کرکے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی لائیں گے، ان شاءاللہ، نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کا مرکز و محور بنائیں گے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ آئی ٹی کے فروغ سے نوجوانوں کے روزگار اور زرمبادلہ میں اضافے کے دونوں اہداف حاصل ہوں گے، معاشی ترقی کی طرف توجہ دینا ہوگی، معاشرے کو نفرت، گالم گلوچ کے کلچر سے پاک کرنا ہے، عوام نے ووٹ دیا تو نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی توجہ عوامی مسائل کے حل پر ہوگی، نوجوان، کسان، مزدور، محنت کش، دیہاڑی دار، بیوہ، یتیم اور کمزور طبقات کے حل پر خصوصی توجہ ہوگی۔