غزہ(آئی پی ایس)غزہ میں اقوام متحدہ کے اسکول پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں مزید 200 فلسطینی شہید ہو گئے۔ شہداء کی تعداد 12 ہزار سے زائد ہو گئی۔
اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے جبالیہ کیمپ میں اقوام متحدہ کے اسکول پر حملہ کیا۔ عرب میڈیا کے مطابق اسکول میں ہزاروں فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوجیوں نے بندوق کی نوک پر الشفاء اسپتال سے طبی عملے، مریضوں اور پناہ کیلئے وہاں موجود سینکڑوں فلسطینی شہریوں کو نکال دیا۔ جبکہ الشفا اسپتال میں سپرد خاک کی گئیں 100 میتوں کو بھی نکال کر اپنے ساتھ لے گئے، ان افراد کو اسپتال کے احاطے میں اجمتاعی قبر میں دفنا دیا گیا تھا۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فورسز نے جبالیہ کیمپ میں رہائشی عمارت پر بھی حملہ کیا، جس سے ایک ہی خاندان کے 32 افراد شہید ہوئے، شہید ہونے والوں میں 19 بچے شامل ہیں۔
فلسطینی حکام کا کہنا ہےکہ بجلی بند ہونے سے 24 گھنٹے کے دوران الشفاء اسپتال میں 24 مریض انتقال کرگئے۔