لاہور(آئی پی ایس)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔
محمد نواز شریف نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ قائد مسلم لیگ (ن) نے خاص طورپر مختلف امریکی راہنماؤں سے اپنی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ تمام امریکی راہنما پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو تسلیم ہیں۔
ملاقات کے دوران دونوں راہنماؤں نے پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتحال خاص طور پر عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ آج ملک کو درپیش لاتعداد مسائل اور بحرانوں سے نکلنے میں پاکستان کے عوام ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو قائدانہ کردار دے کر اپنابھرپور اعتماد کریں گے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوںمیں تعاون پر گفتگو کی۔ راہنماؤں نے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پختہ اور مستحکم شراکت داری کی اہمیت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے تعاون کے نئے امکانات کی تلاش اوران کامیابیوں پر تعلقات کی مزید استواری کی اہمیت تسلیم کی جو امریکہ اور پاکستان دوطرفہ مضبوط اور فعال تعلقات سے عبارت رہے ہیں۔ امریکی سفیر اور محمد نوازشریف نے تجارت، معیشت، موسمیاتی تغیر، سلامتی اور علاقائی استحکام سمیت دوطرفہ دلچسپی کے مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔ محمد نوازشریف نے اسرائیلی بلاامتیاز بمباری کے نتیجے میں بے گناہ فلسطینیوں کی بے رحمانہ شہادتوں کے مسئلے کو اجاگر کیا اور غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا۔ انہوں نے لڑائی اور ہلاکتوں کا سلسلہ فوری روکنے کا مطالبہ کیا اور متاثرہ عوام کو فی الفور طبی اورانسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔
امریکی سفیر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد کے ساتھ امریکی ترجیحات پر بات کی اور ملاقات کے دوران خوشگوار اور کھلے انداز میں گفتگو پر محمد نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔