اسلام آباد(آئی پی ایس) صدر اسلام آباد چیمبر احسن بختاوری نے آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدہ طے پانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جائزہ مذاکرات کی کامیابی،اسٹاف معاہدے پر وزیر خزانہ اور معاشی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف مشن کو موجودہ ٹیکس ہدف برقرار رکھنے پر قائل کرنا احسن اقدام ہے۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر نے ریکارڈ ٹیکس کی وصولی کی ہے۔
احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ زراعت اور پراپرٹیکے شعبے پر نئے ٹیکس عائد کرنے کے بجائے اصلاحات کی جائیں۔صفر ٹیکس ریٹرن فائل نہیں ہونے چاہئیں، ایف بی آر اس معاملے پر سوچ بچار کرے۔
احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف شرائط کے تحت خسارے کا شکار اداروں کی نجکاری پر کام تیز کرے۔ اسٹاک مارکیٹ میں تاریخی بلندی، ہنڈرڈ انڈیکس کا 56ہزار کی سطح عبور کرناخوش آئند ہے۔
صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ موجودہ معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے بزنس کمیونٹی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے،معاشی بہتری کیلئے ضروری ہے کہ بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے پالیسیاں تشکیل دی جائیں،امید ہے اسٹاف لیول معاہدے کے بعد71کروڑ ڈالر کی اگلی قسط جلد جاری ہو گی۔