نیویارک (آئی پی ایس)بین الاقوامی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف) کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ پاکستان کےساتھ ڈیل کے بہت قریب ہیں۔
امریکی میڈیا ہاؤس بلوم برگ کو دیے گئے انٹرویو میں کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ پاکستانی حکام انتہائی مشکل حالات میں پروگرام پر عمل کررہے ہیں تاہم پاکستان کے ساتھ ڈیل کے بہت قریب ہیں۔
کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا تھا کہ پاکستان کا اہم مسئلہ ٹیکس کا ہے، ملک میں جی ڈی پی کا صرف 12 فیصد ٹیکس اکٹھا کیا جاتا ہے جسے ہم نے 15 فیصد تک بڑھانے کی تجویز پیش کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی سطح کے مذاکرات جاری ہیں، آئی ایم ایف پاکستان کیلئے 9 ہزار 415 ارب کا سالانہ ٹیکس ہدف برقرار رکھنے پر رضامند ہے جس کے تحت منی بجٹ نہیں آئے گا۔
مذاکرات کے حوالے سے ذرائع نے کا کہنا تھا کہ جائزے کی کامیابی پر پاکستان کو تقریباً 71 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط ملے گی، اگر ملی تو یہ قسط ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے ساتھ دسمبر کے آغاز میں ادا کی جائے گی۔ پاکستان کو پہلی قسط کی مد میں ایک ارب 20 کروڑ ڈالر جولائی میں ملے تھے۔
آئی ایم ایف پاکستان کی معاشی پیشرفت سے مطمئن ہوگیا ہے، بیرونی فنانسنگ کے معاملے پر یو اے ای سفیر کی یقین دہانی قبول کرلی گئی ہے۔
پاکستان نے آئی ایم ایف کو شرح سود میں مزید اضافہ نہ کرنے پر منا لیا ہے، اسٹیٹ بینک کی جانب سے مانیٹری پالیسی کمیٹی کو کام کرنے کا بھرپور موقع فراہم کیا جائے گا، ٹیکس ہدف مکمل ہونے کے باعث منی بجٹ پیش نہیں کیا جائے گا۔