اسرائیل اب تک دس ہزار فلسطینی شہید اور 11ہسپتال تباہ کر چکا ہے۔ احمد جواد ربعی
آئی سی سی آئی کے وفد نے فلسطینی عوام کی امداد کیلئے 20لاکھ روپے کا چیک فلسطینی سفیر کو پیش کیا گیا
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے فلسطین کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور فلسطین کے سفیر احمد جواد ربعی کے ساتھ فلسطینی عوام کیلئے اظہار یکجہتی کیا۔ احسن ظفر بختاوری نے اس موقع پر آئی سی سی آئی کی جانب سے جنگ سے متاثرہ فلسطینی عوام کی امداد کیلئے 20لاکھ روپے کا چیک فلسطینی سفیر کو پیش کیا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ تاجر برادری اور پاکستانی قوم کو اسرائیلی افواج کی طرف سے معصوم فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر سخت تشویش لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری امت مسلمہ اس مشکل گھڑی میں فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مسلم حکمرانوں اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کو اسرائیل کے مظالم سے بچانے اور فوری جنگ بندی کیلئے کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی کسی صورت قابل قبول نہیں ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی طاقتیں مل کر اسرائیل کو نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس تنازع کے خاتمے کے لیے فلسطینی عوام کے لئے ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان کی تاجر برادری اس مشکل وقت میں فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر احمد جواد ربعی نے آئی سی سی آئی کے وفد کو اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں کی شہادت اور تباہی کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ اور دیگر مقامات پر اسرائیلی فوج کے ہاتھوں اب تک تقریباً 10 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں سے 80 فیصد بچے اور خواتین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں کل 35 ہسپتالوں میں سے اسرائیل نے اب تک 11 ہسپتال مکمل طور پر تباہ کر دیئے ہیں جبکہ اسرائیلی فورسز فلسطینیوں کو دیگر ہسپتال بھی خالی کرنے کی دھمکیاں دے رہی ہیں جس سے فلسطینی عوام میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ امدادی سامان والی گاڑیوں کو بھی متاثرہ علاقوں میں نہیں جانے دیا جا رہا جس سے وجہ عوام کی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اس وقت فلسطینی عوام کی وحشیانہ نسل کشی کر رہا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کا قتل عام رکوانے کیلئے فعال کردار ادا کرے۔ انہوں نے اس مشکل وقت میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرنے پر آئی سی سی آئی کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کے ہمدردی اورمحبت کے جذبات کو فلسطینی عوام ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ اسرائیل کے اقدامات بین الاقوامی انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور سنگین جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اسرائیل کو ان جنگی جرائم سے روکنے کے لیے کوششیں تیز کرے۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے غزہ کے محاصرے کا خاتمہ؛ متاثرہ فلسطینیوں کو امدادی سامان پہنچانے کے لیے راہداریوں کی سہولت کھولنے اور اسرائیل کی طرف سے فلسطین میں جلد جنگ بندی کرنے کا مطالبہ کیا۔۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستانی قوم کے دل ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور اس مشکل کھڑی میں فلسطینی عوام کو اکیلا نہیں چھوڑا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ جنگ کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ابھی تک فلسطینی عوام کو ایک خودمختار ریاست کے حق سے محروم رکھا گیا ہے لہذا انہوں نے اقوام متحدہ اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے پرزور مطالبہ کیا کہ موجودہ تنازعہ کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے لیے فلسطینی عوام کی ایک آزاد اور خود مختار ریاست کے قیام کو یقینی بنانیا جائے۔
چیمبر کے ایگزیکٹو ممبران بشمول مقصود تابش، ہمایوں کبیر، عامر حسین، محمد رضوان چھینہ، شیخ محمد اعجاز، ملک جلیل احمد اعوان، ڈاکٹر محمد عثمان، خالد محمود اور دیگر آئی سی سی آئی کے وفد میں شامل تھے۔