
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے القسام بریگیڈ نے اسرائیل کی خفیہ جوہری تنصیبات پر راکٹ داغ دیئے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے دیمونا میں راکٹ داغے ہیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ راکٹ حملے کے بعد ایریز اور نیتیو ہاسارا میں سائرن بجادیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ دیمونا شہر میں اسرائیل کی خفیہ جوہری تنصیبات ہیں، واقعہ کو غیرمعمولی قرار دیا جارہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس نے غزہ میں اسرائیلی فوج کی زمینی کارروائی میں شریک ایک فوجی ٹرک کو بھی تباہ کر دیا ہے جبکہ حزب اللہ نے بھی اسرائیلی فوجی قافلے اور چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کی غزہ سمیت فلسطینی علاقوں میں شدید بمباری سے مزید سیکڑوں شہید ہوگئے ہیں، ایلون مسک نے غزہ میں سیٹلائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ سروس فراہم کردی ہے جس کے بعد غزہ سے دنیا کا رابطہ بحال ہونا شروع ہوگیا ہے۔
غزہ میں اسرائیل کی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جس میں 4000 سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔