خیرپور (نیوزڈیسک) فاطمہ قتل کیس میں نامزد ملزمہ حنا شاہ نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا، ملزمہ کو وومن تھانے منتقل کردیا گیا ہے ، جہاں سے ریمانڈ کے لئے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق خیرپور میں بااثرپیرکی حویلی میں گھریلو ملازمہ فاطمہ کی ہلاکت کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، پولیس کو مطلوب مرکزی ملزمہ حنا شاہ نے خود کو قانون کے حوالے کردیا ہے۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ پولیس کی کارروائیوں کی وجہ سے ملزمہ حنا شاہ نے خود کو قانون کے حوالے کیا ، ملزمہ کو ویمن تھانے منتقل کردیا ہے، ریمانڈ کے لئےعدالت میں پیش کریں گے۔
یاد رہے ملزمہ کے شوہراسد شاہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے جیل میں ہیں ، جبکہ چارروز پہلے ملزمہ کے والد فیاض شاہ کو بھی پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
پریس کانفرنس میں پیر فیاض شاہ کا کہنا تھا فاطمہ پرتشدد نہیں کیا موت طبعی ہے، رانی پور درگاہ کو سیاسی طور پر ٹارگٹ کیا جارہا ہے، تمام فیملی ممبران بے گناہ ہیں، ابھی تک ہمارا موقف نہیں سنا گیا،ون سائیڈ اسٹوری چل رہی ہے۔
خیال رہے دو روز قبل کمسن گھریلوملازمہ فاطمہ قتل کیس میں بچی کی والدہ نے ایس ایچ او پر قتل کی دھمکیاں دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایس ایچ اوخانواہن مجھے اغوا اور مارنےکی دھمکیاں دےرہاہے، وہ غنی دایو رانی پور کے پیروں کاآدمی ہے۔
والدہ نے بتایا تھا کہ ایس ایچ اونے مرحوم بیٹی کیلئےغلط الفاظ استعمال کئے، ایس ایچ او نے کہا فاطمہ تو مرگئی مگر تمہاری قوم کیلئے سونے کی مرغی بن گئی، اپنی مرحوم بیٹی کیلئےایسےالفاظ برداشت نہیں کرسکتی۔
شبانہ پھرڑو نے درخواست کی تھی کہ مجھے ایس ایچ او سے خطرہ ہے ، ہمارے خاندان کو تحفظ دیا جائے۔