ڈاکٹر رمیش کمار کی نگران وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات، گندھارا کوریڈور پر تبادلہ خیال، وزیراعلیٰ نے گندھارا تہذیب کو برداشت و رواداری کا آئینہ دار قرار دیدیا، گندھارا سیاحت کے فروغ کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی
کوئٹہ : نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی نے وزیراعظم ٹاسک فورس برائے گندھارا سیاحت کے چیئرمین وزیر مملکت ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی سے سی ایم ہاؤس میں منعقدہ ملاقات میں قدیمی گندھارا تہذیب کو برداشت، رواداری اور بھائی چارے کا آئینہ دار قرار دیاہے، تفصیلات کے مطابق پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار نے نگران وزیراعلیٰ کو اپنے مجوزہ گندھارا کوریڈور منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گندھارا تہذہب کے انیس آثارِ قدیمہ صوبہ خیبرپختونخوا، پانچ سندھ میں، ایک بلوچستان میں، دس پنجاب میں اورچار گلگت بلتستان میں واقع ہیں، زمانہ قدیم میں موجودہ اسلام آباد کا علاقہ بھی گندھارا کا اہم حصہ تھا، ماہرینِ آثارِ قدیمہ کے مطابق بلوچستان کے علاقے گونڈرانی شہر روغان میں واقع قدیمی غار ساتویں صدی عیسوی میں بدھ مت کے پیروکاروں نے تعمیر کیے تھے، لگ بھگ پندرہ سو قدیمی غاروں میں سے اب صرف پانچ سو اچھی حالت میں موجود ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ڈاکٹر رمیش کے اس موقف کو سراہا کہ ملک کی تمام وفاقی اکائیوں میں گندھارا آثار قدیمہ کی موجودگی قومی یکجہتی کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے، گندھارا کوریڈور کے تحت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو بدھا اکثریتی ممالک کے دارالحکومتوں سے بذریعہ فضائی راستہ منسلک کرنے سے عالمی سیاحوں کی بڑی تعداد پاکستان کا رخ کرے گی۔ اس موقع پر ڈاکٹر رمیش کمار نے قلات سمیت صوبے کے مختلف مقامات میں ہندو اقلیتی کمیونٹی کے تحفظ اور ہنگلاج ماتا مندر کی بہترین دیکھ بھال کیلئے بلوچستان حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا، اس حوالے سے وزیراعلیٰ کے نوٹس میں لایا گیا کہ ہنگلاج ماتا مندر میں ملازمتوں کیلئے مقامی آبادی کو نظر انداز کیا جارہا ہے جسکی بناء پر وہاں سیکیورٹی اور دیگر مسائل کا سامنا ہے، وزیراعلیٰ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مذکورہ مندر میں بھرتیوں کے عمل کو روکنے کے احکامات جاری کیے۔ دورہ کوئٹہ کے دوران چیف سیکرٹری اور آئی جی سمیت اعلیٰ حکام نے بھی ڈاکٹر رمیش کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ علاوہ ازیں، ڈاکٹر رمیش کمار سے کور کمانڈر کوئٹہ نے صوبائی دارالحکومت میں ملاقات کے دوران شہر کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، ڈاکٹر رمیش نے لاء اینڈ آرڈر برقرار رکھنے پر سیکیورٹی اداروں کی کوششوں کو سراہا۔