پالے کیلے ( آئی پی ایس)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ کوشش کی تھی کہ نئے بال سے بریک تھرو لوں، الحمد اللہ اس میں کامیابی ہوئی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ بارش کی وجہ سے میچ نہیں ہوا لیکن اگر ہوتا تو رزلٹ ہمارے ہاتھ میں تھا، موسم کا ہم کچھ نہیں کرسکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اننگ کے دوران ٹیم کی پرفارمنس بہت اچھی تھی، کوشش یہی ہوتی ہے کہ پہلے اوور میں ٹیم کے لئے بریک تھرو لوں، کوشش کر رہا تھا کہ آگے سے سوئنگ کروں لیکن گیند رائٹ ایریاز میں سوئنگ نہیں ہو رہا تھا۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ان سوئنگ اور آؤٹ سوئنگ کا کمبی نیشن رکھا اور وہ کافی مددگار ثابت ہوا، پہلی دو وکٹیں آؤٹ سوئنگ کے کمبی نیشن کی مدد سے لیں، میچ کے دوران کوشش کر رہا تھا کہ زیادہ ڈاٹ بالز کریں تاکہ ان کے اوپر پریشر ڈالیں۔
انہوں نے بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ویرات ایک اچھے کھلاڑی ہیں، اس کے پاکستان کے خلاف رنز بھی زیادہ ہیں، ویرات کوہلی کی وکٹ ہمارے لئے سب سے اہم تھی کیونکہ وہ انڈین بیٹنگ لائن کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مکی آرتھر ہمیشہ کہتے ہیں کہ فاسٹ بالرز ٹورنامنٹ جتواتے ہیں اور ہماری کوشش تھی کہ پارٹنرشپ میں باؤلنگ کرائیں۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ حارث رؤف کا رول یہ ہے کہ وہ اپنے پیس اور باؤنسرز سے اگلی ٹیم کو ڈرائیں، نسیم شاہ اور میری کوشش ہوتی ہے کہ ہم سوئنگ کے اوپر زیادہ جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے لوگوں کے سامنے کھیلنے کا الگ ہی مزہ ہوتا ہے، امید ہے کہ قذافی سٹیڈیم میں ہاؤس فل ہوگا اور شائقین ہمیں سپورٹ کرنے آئیں گے۔