اہم خبریں

توشہ خانہ کیس میں‌ چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطل ، رہا کرنے کا حکم

اسلام آباد (آئی پی ایس) اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطل کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ توشہ خانہ فوجداری کارروائی کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ چیف جسٹس عامرفاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطل کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو رہا کرنے کا بھی حکم دیا، چیف جسٹس نے بابر اعوان سے مکالمے میں کہا کہ آرڈر کی کاپی کچھ دیر بعد مل جائے گی۔
گذشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق اورجسٹس طارق جہانگیری نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم کی سزامعطلی کی درخواست کی سماعت میں دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا تھا کہ خواجہ حارث کا جمع کرایاگیا بیان حلفی نہیں دیکھا، وہ بیان حلفی دیکھنا ان کا حق ہے۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کی دلائل کے لیے مزید مہلت کی استدعا مسترد کردی تھی۔
واضح رہے توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کو تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی، جس کے بعد وہ اٹک جیل میں قید ہیں۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کیخلاف اپیل دائر کی گئی تھی ، جس میں استدعا کی گئی تھی کہ توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ خلاف قانون ہے ،کالعدم قرار دیا جائے۔
درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی تھی کہ اپیل پر فیصلے تک سزا معطل کرکے چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کا حکم جاری کیا جائے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker