اسلام آباد(آئی پی ایس)صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس احسن بختاوری نے بجلی کے بلوں میں اضافے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ بجلی بلوں کا مسئلہ کاروبار،معیشت اور صارفین کیلئے سنگین صورتحال اختیار کر گیا۔
بجلی کی موجودہ قیمت میں بین الاقوامی مارکیٹ کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا۔اپنے ایک بیان میں صدر آئی سی سی آئی نے کہاکہ پٹرولیم کے بعد بجلی قیمتوں میں اضافے سے پیداواری لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔
مہنگائی کے باعث موجودہ حالات میں کاروبار کرنا ممکن نہیں رہا ۔احسن بختاوری نے کہاکہ لائن لاسز، چوری سمیت کئی مسائل بجلی نظام کو درپیش ہیں جو فوری حل کے متقاضی ہیں، عوام اور بزنس کمیونٹی سڑکوں پر ہیں لیکن ان پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی، بجلی بلوں میں اضافہ سمال ،میڈیم اور لارج انڈسٹریز سب کیلئے تباہ کن ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت بغیر کسی شش و پنج کے نظام میں انقلابی اصلاحات کا فوری آغاز کرے، بجلی کے نظام میں بنیادی تبدیلیاں، ڈسکوز کی کارکردگی کو بہتر کیا جائے،سیاسی جماعتوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز معیشت کو دلدل سے نکالنے کیلئے چارٹر آف اکانومی کریں، ڈالرز کی قیمت کو کنٹرول، طویل المدتی پالیسیز تشکیل دی جائیں۔
آئی پی پیز کو روپے کی بجائے ڈالر میں ادائیگیاں کرنے سے بجلی نرخوں میں اضافہ ہو رہا ہےصدر آئی سی سی آئی نے کہاکہ ڈالر مہنگا ہونے سے بجلی مزید مہنگی کاروبار بند ہو جائیں گے، حکومت آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی کرے اور ڈالر کی بجائے ان کو روپے میں ادائیگیاں کرے۔بجلی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لے کر عوام کو ریلیف دیا جائے۔