راولپنڈی(آئی پی ایس) سربراہ عوامی مسلم لیگ وسابق وزیرداخلہ شیخ رشید کاکہنا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام کے بغیر سنگین اقتصادی بحران پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔
سربراہ عوامی لیگ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ (ایکس ) پر ایک بیان میں کہا کہ ملک آئینی اور قانونی بحران کا شکار ہوتے ہوئے نظر آ رہا ہے، مسئلہ سیاسی سے زیاده اقتصادی ہو گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کب ہوتے ہیں، کسی کے حکم پر ہوتے ہیں یہ ثانوی مسئلہ ہے، پیٹرول کے نرخ اور بجلی کا بل غریب کا سب بڑا مسئلہ ہے، پاکستان میں پہلی مرتبہ چینی اور آٹے کا ایک ہی بھاؤ 170روپے فی کلو ہوگیا ہے ، غریب آٹا خریدے ، بجلی کا بل ، گھر کا کرایہ دے یا بچوں کی فیس دے ، ساری چیزیں ایک تنخواہ میں ممکن نہیں ہیں ۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ عوام کا نام ہی ریاست ہے اور عوام سنگین ترین معاشی اور سیاسی بحران کے شکنجے میں آ گئے ہیں ، غریب کا گھر چلانا اب بنیادی مسئلہ ہے جس پر کوئی توجہ نہیں دے رہا اور اس مسئلہ پر قابو پانا حکومت کی سب سے اہم ترین ذمہ داری ہے۔