اسلام آباد(آئی پی ایس)سابق وزیر مملکت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ایم این اے زرتاج گل کی گرفتاری کے لیے اینٹی کرپشن کی جانب سے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی، تاہم زرتاج گل اور ان کے شوہر کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں، دونوں ملزمان پر کرپشن کے مختلف مقدمات درج ہیں۔
ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق سابق ایم این اے زرتاج گل کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیں گی، شہری اسفند جنید کی جانب سے زرتاج گل اور انکے شوہر ہمایوں اخوند کے خلاف کرپشن کے الزامات پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق زرتاج گل اور انکے شوہر پر الزام ہے کہ انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں 10 فیصد تک کمیشن لیا ہے، شہری نے زرتاج گل کی جانب سے مختلف اسکیموں میں گھپلوں کی نشاندہی کی تھی۔
ترجمان نے بتایا کہ اینٹی کرپشن ٹیم نے سابق وزیر مملکت زرتاج گل کی گرفتاری کے لیے انکی رہائشگاہ پر گزشتہ روز چھاپہ مارا لیکن زرتاج گل وزیر کی گرفتاری عمل میں نہ لائی جاسکی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ واضح رہے اینٹی کرپشن پنجاب بھر میں کرپٹ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔