اسلام آباد(آئی پی ایس)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے متعلق بیان پر پیپلزپارٹی کی قیادت کی جانب سے اظہارِ ناراضی پر خورشید شاہ کو وضاحت دینی پڑگئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق خورشید شاہ نے نگران وزیراعظم کے بارے میں بیان پارٹی قیادت سے بغیر اجازت دیا، جس پر یپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے خورشید شاہ کے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے متعلق بیان پر جواب طلب کیا، جس میں پارٹی قیادت کی جانب سے خورشید شاہ کو اپنی پوزیشن واضح کرنے کی ہدایت کی گئی، اس کے جواب میں خورشید شاہ نے پارٹی قیادت کو اپنے بیان پر وضاحت پیش کر دی۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پی پی قیادت نے پارٹی رہنماؤں کو نگران وزیراعظم سے متعلق بیان بازی سے روک دیا ہے کیوں کہ نگران وزیراعظم سے متعلق خورشید شاہ کا بیان پارٹی پالیسی کے منافی تھا، اس لیے معاملے کی حساسیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے پیپلزپارٹی نے بعد میں ترجمانوں سے بیان جاری کروایا۔خیال رہے کہ خورشید شاہ نے کہا تھا کہ انوارالحق کاکڑ کا نام سینیٹ سے لیا گیا، ہماری توجہ اس طرف نہیں تھی، ہمیں علم نہیں تھا کہ انوار الحق کاکڑ کا نام آئے گا، بہتر ہوتا ہم نگران وزیراعظم کے لیے کسی اور شخص کا انتخاب کرتے۔