کراچی (آئی پی ایس)ڈالر کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، منگل کے روز انٹربینک میں ڈالر تقریباً 288 اور اوپن مارکیٹ میں 296 روپے تک جا پہنچا۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ دن کا آغاز ہوتے ہی انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 42 پیسے کی کمی سے 287 روپے کی سطح پر آ گئی تھی ، تاہم مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا رجحان جاری رہا اور دوپہر تک انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 56 پیسے اضافے سے 287.98 پیسے کی سطح تک پہنچ گئی۔
دریں اثنا ءاوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی اُڑان جاری ہے، جس کے مطابق ڈالر کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ہوا، جس سے ڈالر 296 روپے کا ہوگیا۔ گزشتہ روز بھی ڈالر کی قیمت میں یک دم تین روپے کا اضافہ ہوا تھا، جس سے ڈالر 295 روپے کی سطح پر آ گیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے رجحان کے ساتھ کاروبار کا آغاز ہوا اور 114 پوائنٹس کی مندی کیساتھ کے ایس ای 100 انڈیکس گھٹ کر 48271 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ بعد ازاں دن میں ایک موقع پر پی ایس ایکس میں 501 پوائنٹس کی مندی بھی دیکھی گئی، تاہم مزید اتار چڑھاؤ کے بعد دوپہر تک پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 431پوائنٹس کی مندی کے ساتھ کے ایس ای 100انڈیکس گھٹ کر 47954پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔