اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پاک بحریہ کے جنگی جہاز پی این ایس طارق کا افتتاح

کراچی (آئی پی ایس) پاکستان اور ترکیہ کے باہمی اشتراک سے تیار ہونے والا ملجم کلاس جنگی بحری جہاز پی این ایس طارق پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل ہو گیا۔

پاک بحریہ کے جنگی بحری جہاز پی این ایس طارق کی لانچنگ کراچی شپ یارڈ پر ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف،ترکیہ کے نائب صدر سیودت یلماز سمیت اعلیٰ عسکری قیادت شریک ہوئی۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ترکیہ کے نائب صدر کے ہمراہ پی این ایس طارق کی لانچنگ کی۔

اس موقع پر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی این ایس طارق کی لانچنگ پر انجینئرز اور ماہرین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پی این ایس طارق کی شمولیت بحری صلاحیتوں میں بہترین اضافہ ہے، پاکستان اور ترکیہ کے مشترکہ منصوبے دفاعی شعبے کو مزید مضبوط کریں گے۔

نیول چیف پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات منفرد نوعیت کے ہیں، دونوں ممالک نے مشکل وقت میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا، کراچی شپ یارڈ پاکستان کا واحد شپ یارڈ ہے جو ملکی وسائل سے بحری جہاز تیار کررہا ہے، میری ٹائم ضروریات پوری کرنے کیلئے مربوط بحری صلاحیت ناگزیر ہے، ملجم کلاس فریگیٹ کی تیاری سے پاکستان ترکیہ دفاعی شعبے میں تعاون مزید مستحکم ہوا ہے۔

پی این ایس طارق کو تعمیر کے بعد سمندر میں اتارا گیا ہے ، پی این ایس طارق ملجم (MILGEM) کلاس کارویٹ جنگی جہاز ان چار بحری جہازوں میں سے ایک ہے جو ترکیہ ٹیکنالوجی کی منتقلی کے معاہدے تحت ترکیہ اور پاکستانی انجنئرز مل کر بنا رہے ہیں۔

پاکستان اور ترک ڈیفنس کمپنی Ms ASFAT کے ساتھ 06 ستمبر 2018 کو 4 ملجم کلاس کارویٹس کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔

اس پراجیکٹ کے تحت استنبول نیول شپ یارڈ اور کراچی شپ یارڈ میں دو / دو جہاز تیار کئے گئے ، یہ جہاز اپنے سرفیس ٹو سرفیس میزائلوں اور مین گن سے درمیانے سائز کے اہداف کا پتہ لگانے اور ان پر حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ جہاز سطح آب، زیر آب اور فضائی اہداف کا پتہ لگانے کیلئے جدید ترین سینسر سے لیس ہے۔ اہداف کو نشانہ بنانے کیلئے جارحانہ اور دفاعی دونوں ہتھیار رکھتا ہے، ملجم جہاز ہیلی کاپٹر کے ذریعے آپریشنز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور کیمپ کاپٹر سے بھی لیس ہے۔

اس سے قبل 3 جہازوں کی لانچنگ ہو چکی ہے اور وہ تکمیل کے مختلف مراحل میں ہے۔ پی این ایس طارق پاکستان میں تیار ہونے والا دوسرا بحری جنگی جہاز ہے۔

اس منصوبے میں ٹیکنالوجی کی منتقلی، کراچی شپ یارڈ کی اپ گریڈیشن اور خصوصی طور پر پاک بحریہ کے لیے بنائے جا رہے جناح کلاس فریگیٹس کے ڈیزائن کی باہمی تعاون سے تیاری بھی شامل ہے۔

ملجم کلاس جہازوں کی شمولیت سے پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مستقبل کی ضروریات کے لیے ضروری ڈیزائن اور جہاز سازی کے حوالے سے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

قبل ازیں وزیراعظم کو جہاز کی تیاری کے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker