اسلام آباد (آئی پی ایس) وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ احتساب کے عمل سے بچنے کیلئے توشہ خانہ کیس سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطاءاللّٰہ تارڑ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عدالت سے بھاگے ہوئے سرٹیفائیڈ بھگوڑے ہیں، سپریم کورٹ کا بہانہ کرکے عدالت سے غائب ہیں، آج خود آئے نہ ان کے وکیل آئے نہ گواہان کی فہرست پیش کی گئی۔
انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 40پیشیوں میں سے صرف 3پیشیوں پر ملزم کی حاضری لگی ہے،توشہ خانہ سے تحائف لئے گئے ان کو ڈکلیئر نہیں کیا۔
عطاءاللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ توشہ خانہ کے 35 سوالات پوچھے گئے تو ان کے پاس کوئی جواب نہ تھا، ملزم کے وکیل علی ظفر نے الیکشن کمیشن میں مانا کہ تحائف بیچے گئے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ کل باقاعدہ بڑھکیں ماریں کہ میں نہیں میرے ملٹری سیکر ٹری وسیم چیمہ بیچتے تھے، نہ ملزم ہے نہ ان کے وکیل ہیں اور نہ عدالت میں گواہان کی فہرست دی گئی۔
معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ عدالت بھی انتظار کر رہی ہے لیکن کوئی بھی پیش نہیں ہوا، الیکشن میں کسی بھی الائنس سے متعلق مشاورت کی جائے گی۔